عدالتوں کی منتقلی، مقدمات کے اندراج کیخلاف وکلاء کا دوسرے روز بھی دھرنا، عدالتی بائیکاٹ

عدالتوں کی منتقلی، مقدمات کے اندراج کیخلاف وکلاء کا دوسرے روز بھی دھرنا، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان، شجاع آباد، وہاڑی، کوٹ ادو (خبر نگار خصوصی، نمائندگان) عدالتوں کی منتقلی اور مقدمات کے اندراج پر وکلاء کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری کیا جبکہ ملتان سمیت صوبہ بھر کی کئی بارز نے عدالتی بائیکاٹ کیا آج دوبارہ نیو جوڈیشل کمپلیکس میں دھرنا دیا جائیگا تفصیل کیمطابق وکلاء کی (بقیہ نمبر28صفحہ12پر )
جانب 14 دسمبرکودن 11 بجے سے چوک کچہری پرشروع ہونیو الادھرنامسلسل جاری ہے۔ دوسرے روزصبح سے ہی وکلاء تازہ دم ہوکردوبارہ پہنچناشروع ہوگئے اس دوران کلرکس بارایسوسی ایشن ،اسٹامپ فروش ایسوسی ایشن ،سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی اورسرائیکی نوجوانان تحریک کی جانب سے چوک کچہری تک ریلیاں نکالی گئیں اور وکلاء سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے دھرنے میں شرکت کی گئی ہے اس موقع پروکلاء کی جانب سے انھیں خوش آمدید کہنے کے ساتھ نعرے بازی بھی کی گئی قبل ازیں ساری رات وکلاء ملی نغموں اورسرائیکی لوک گیتوں پر رقص کرتے رہے اس دوران وکلاء کی جانب سے دھرنے میں شریک وکلاء کے کھانے پینے کے لئے کئی راؤنڈچلائے گئے نیز خواتین وکلاء بھی موجودرہیں۔وکلاء کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر عبدالستارملک نے کہاکہ وکلاء نے جائزحقوق کے لئے دھرنے کاآغازکیاہے اوراپنے مطالبات تسلیم کرانے تک دھرنے کوختم نہیں کیاجائیگا۔ایگزیکٹوممبر سپریم کورٹ بار سکندرجاویدنے کہا کہ ملتان کے وکلاء نے ہمیشہ غیر قانونی اقدامات کے خلاف آوازاٹھائی ہے اورملتان سے جوتحریک بھی شروع ہوئی اس نے بے مثال کامیابی حاصل کی ہے ایگزیکٹو ممبر سپریم کورٹ بار مہرخلیل نے کہا ہے کہ وکلاء مفادات کے لئے جن وکلاء نے دھرنادیااور رات تک سخت سردموسم میں گذاردی وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں ممبرپنجاب بارکونسل خواجہ قیصربٹ نے کہاکہ وکلاء کے تمام مطالبات تسلیم ہونے تک دھرناجاری رہے گااور ملتان کے وکلاء کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئے آج ملک بھرمیں کئی بارایسوسی ایشنزکی جانب سے عدالتی بائیکاٹ کیاگیاہے۔خیبرپختونخواہ ہائیکورٹ بارکے ممبرایگزیکٹو حبیب خان نے کہاکہ ملتان سے حق کی آواز بلند ہوئی ہے اورتحریک ضرور کامیاب ہوگی کلرکس بارایسوسی ایشن ملتان کے صدر رائے محمد شفیع نے کہاکہ یہ ہماراشہرہے اورہم اس کے حقوق کی حفاظت کرناجانتے ہیں اس لئے عدالتوں کی منتقلی ،وکلاء کے خلاف مقدمہ اورگرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے عدالتوں کوواپس منتقل کرنے،وکلاء کے خلاف مقدمہ خارج کرکے گرفتاروکلاء کورہا کرنے کے مطالبات کرتے ہیں۔ سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے صدررانافرازنون نے کہاکہ عدالتوں کی اس طرح منتقلی سے سرائیکی وسیب کانقصان ہواہے اورتخت لاہورکو کسی بھی طرح اس خطے کے مستبقل کے فیصلے نہیں کرنے دیں گے اسٹامپ فروش ایسوسی ایشن کے میاں عبدالرزاق نے کہاکہ وہ وکلاء کے شانہ بشانہ ہیں اورتمام مطالبات تسلیم ہونے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔اس موقع پر ملک ارشاد رسول،رانالیاقت علی،سردارعاشق بلوچ، حبیب اللہ نہنگ،ریاض خان بابر،ملک ،ممتاز نور ٹانگرہ، فرزانہ کوثر،محبوب سندیلہ،ساجد ایزدی،اورنگ زیب عالمگیر،واجد رضوی اوررانا انور نے بھی خطاب کرتے ہوئے وکلاء کے مطالبات منظورکرنے کامطالبہ کیاہے اس طرح آج وکلاء چوک کچہری سے قافلے کی صورت میں نیوجوڈیشل کمپلیکس جاکراحتجاج کرنے کے ساتھ دھرنادیں گے نیز گزشتہ روزدوسرے دن بھی ہائیکورٹ وڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشنزملتان کی جانب سے مکمل عدالتی بائیکاٹ کیاگیا اور وکلاء مقدمات کی پیروی کے لئے عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ہیں اورآج بھی مکمل عدالتی بائیکاٹ کیاجائیگا جبکہ وکلاء کے دھرنے اوراحتجاج میں شرکت کے لئے ملک بھرکی بارایسوسی ایشنزکی جانب سے نمائندگان بھی پہنچناشروع ہوگئے ہیں۔شجاع آباد سے نمائندہ خصوصی کیمطابق ملتان وکلاء کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کے خلاف شجا ع آباد بار نے بھی وکلاء کے اظہار یکجہتی کیلئے مکمل ہڑتال کی وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے وہاڑی سے بیورو رپورٹ اور نامہ نگار کیمطابق ملتان میں وکلاء پر جھوٹے مقدمات درج کرکے گرفتار کرنے پر ڈسٹرکٹ بار وہاڑی کے وکلا ء نے مکمل ہڑتال کی اور کو ئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہ ہوا جس کی وجہ سے دور دراز سے آنے والے سائلین کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا اس موقعہ پر صدر بار راؤ شیر ا ز رضا ، جنرل سیکرٹری رائے عامر اسلم ایڈووکیٹس ودیگر رانا محمد اکبر ، چودھری شہزاد نوا ز ، میاں محمد غفور ، ندیم اکرم پرویز ، ودیگر نے کہا کہ ملتان کے وکلاء پر جھوٹے مقدمات درج کرکے انکو گرفتار کرنے کی مذمت کر تے ہیں اور مطالبہ کر تے ہیں کہ گرفتار وکلاء کو رہا کرکے مقدمات خارج کیے جائیں ورنہ احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا کوٹ ادو سے نامہ نگار ، نمائندہ پاکستان کیمطابق ملتان نیو جوڈیشل کمپلکس میں سہولیات کی عدم دستیابی کے معاملہ پر ملتان کے وکلا سے اظہار یکجہتی کے لیے کوٹ ادو بار کے وکلاء کی دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رہی کوٹ ادو بار کے وکلاء نے ملتان کے وکلاء سے اظہاریکجہتی کے لیے دوسرے روز بھی ہڑتال کردی کے وکلاء عدالتوں میں پیش نہ ہوئے دو روز سے جاری ہرتال کے باعث دور دراز کے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔