مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے اعزاز میں اشتیاق بیگ کا عشائیہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما اشتیاق بیگ نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر عشایئے کا اہتمام کیا جس میں گورنر سندھ محمد زبیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں بزنس کمیونٹی، شہر کی ممتاز شخصیات اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے اعلیٰ عہدیداران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ یاد رہے کہ اشتیاق بیگ نے حال ہی میں اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ دوران تقریب اشتیاق بیگ نے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری، لوڈشیڈنگ کے خاتمے، اونچی جی ڈی پی گروتھ اور بہتر معاشی کارکردگی پر مسلم لیگ (ن) حکومت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کی روشنیاں دوبارہ بحال کرنے پر مجھ سمیت کراچی کا ہر شہری نواز شریف اور (ن) لیگ حکومت کا مشکور ہے۔ اس موقع پر اشتیاق بیگ نے بزنس کمیونٹی کے مسائل پیش کئے اور حکومت سے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی درخواست کی۔ وفاقی وزیر سعد رفیق نے ان حالات میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے پر اشتیاق بیگ کو خوش آمدید کہا اور مبارکباد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے سندھ میں مسلم لیگ (ن) مزید مضبوط ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے بزنس کمیونٹی کے مسائل اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور وزراء سے حل کرانے کا وعدہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے بلوچستان کے پوٹیشنل کے بارے میں بتاتے ہوئے بزنس کمیونٹی کو سی پیک اور دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ بلوچستان میں تیل کی دریافت کے بعد انشاء اللہ ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ ملک میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے معاشی ترقی اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہورہی ہے جس کا پاکستان متحمل نہیں ہوسکتا۔ تقریب میں فیڈریشن کے صدر زبیر طفیل، ایس ایم منیر، آباد کے چیئرمین عارف جیوا، ممتاز بزنس مین بشیر جان محمد، رشید جان محمد، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اسد جونیجو، صوبائی صدر بابو سرفراز جتوئی، سیکریٹری جنرل شاہ محمد شاہ، سینیٹر سلیم ضیاء، عاصم صدیقی، عبدالسمیع خان، اسد فیکٹو، زیبا بختیار، نصرت حارث، فرح عظیم، شہناز رمزی، سعدیہ دادا، راشد صدیقی، فرخ مظہر، زاہد انصاری، کراچی چیمبر کے سابق صدر انجم نثار اور شہر کی ممتاز شخصیات نے بڑی میں شرکت کی۔