ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی :محمود خان

ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی :محمود خان

مٹہ ( نمائندہ پاکستان )خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ مفاد عامہ کے منصوبوں کو جلد ازجلد عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تا کہ تمام منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں اور اس کے ثمرات سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفیدہو سکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی حائل رکاوٹ یا ترقیاتی فنڈز کی کمی کو آڑے نہیں آنے دینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایم اے آفس مٹہ ضلع سوات میں جاری اور نئی ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تحصیل مٹہ کی ناظم عبداللہ خان اوردیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں حلقہ پی کے 84 مٹہ سوات میں طبی و تعلیمی اداروں کی تعمیر و مرمت اور دیگر جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پرصوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ انشاء اللہ تمام سکولوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے کاموں کو جلد از جلد پائے تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔ صوبائی وزیر محمود خان نے جاری ترقیاتی اور نئی منصوبوں کی تعمیراتی کام پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ قومی وسائل قوم کی امانت ہے لہٰذا پوری ایمانداری اور خلوص نیت کے جذبے سے سرشار ہو کر ایک ایک پائی کو عوام کی مفاد اور فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کرنے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی افسر یا اہلکار کو مفاد عامہ کی منصوبوں میں سست روی ، غفلت اور کوتاہی کا مرتکب پایا گیا تو ان کے خلاف قانون کے تحت سزا دینے سے بھی دریغ نہیں کیاجائیگا۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...