اصلاحاتی و ترقیاتی ایجنڈے کے نتائج کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے :مظر سید ایڈوکیٹ
پشاور( سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت کے شروع کردہ اصلاحاتی و تر قیاتی ایجنڈے کے نتائج و ثمرات سامنے آنا شروع ہوا ہے اور زندگی کے بنیادی شعبوں میں حکومتی اقدامات کی بدولت نمایاں بہتری آئی ہے جس سے عوام براہ راست مستفید ہونگے۔ صوبے کے تعلیمی شعبہ میں ترقی آنے کے بارے میں مؤقر نجی تجزیاتی ادارے بھی ہماری کارکردگی کا اعتراف کر رہے ہیں اور سرکاری سکولوں کی بہترین کارکردگی کے بارے میں محکمانہ کار کردگی رپورٹ آنے کیساتھ کیساتھ الف اعلان کا حالیہ ہونے والا سروے اس کی زندہ مثال ہے۔ ہماری حکومت نے غریب عوام کو صحت کے مفت سہولیات فراہم کئے جبکہ دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے بھی نتیجہ خیز اقدمات کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز دیر پائین کے علاقے تالاش شمشی خان میں جماعت اسلامی کے ایک بڑے شمولیتی جلسے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا جس میں مسلم لیگ ن کے کونسلر بخت زادہ نے اپنے خاندان ، ساتھیوں اور عزیز و اقاریب کے ہمراہ مستعفی ہو کر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جلسے میں جماعت اسلامی کی مقامی قیادت و امراسمیت علاقہ کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر خزانہ مظفر سید کا کہنا تھا کہ گزشتہ انتخابات کے دوران انہوں نے عوام سے جو وعدے کئے تھے تقریبا پوری کئے ہیں اور آنے والے انتخابات میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلامی اقدار کو فروغ دینے کی غرض سے نجی سود پر پابندی لگانے کیساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں ناظرہ قران پاک اور ترجمے کو لازمی قرار دیا جبکہ دیگر شعبوں میں بھی ریکارڈ قانون سازی کی ہے جسکی گزشتہ ادوار میں نظیر نہیں ملتی۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر پارٹی میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ایسے اصلاحاتی و فلاحی جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے جو اسلامی و فلاحی ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت میں انکو عزت و اخترام کا مقام دیا جائے گا۔