عوام صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی اور غیر سنجیدگی کے باعث متنفر ہو چکے :حیدر ہوتی

عوام صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی اور غیر سنجیدگی کے باعث متنفر ہو چکے ...

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے حلقہ پی کے ون پشاور ون کیلئے حاجی ہدایت اللہ خان کو امیدوار نامزد کر دیا ہے ، اس امر کا اعلان انہوں نے پشاورپی کے ون امن چوک میں ایک گرینڈ شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کی سرکردہ شخصیات نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ،اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور ،صوبائی سینئر نائب صدر سید عاقل شاہ ، سٹی صدر ملک غلام مصطفی، جنرل سیکرٹری سرتاج خان ،حاجی ہدایت اللہ خان اور ملک طارق اعوان سمیت مرکزی و صوبائی قائدین بھی جلسہ میں موجود تھے، امیر حیدر خان ہوتی نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ عوام صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی اور غیر سنجیدگی کے باعث متنفر ہو چکے ہیں اور وہ اے این پی کو اپنے حقوق کا محافظ سمجھتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اے این پی ایک بار پھر عوام کی طاقت سے اقتدار میں آکر حقیقی تبدیلی لائے گی ،امیر حیدر خان ہوتی نے پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے حاجی ہدایت اللہ خان کو پی کے ون پشاور کیلءئے امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ عوام کی طاقت اور محنت سے اے این پی آئندہ الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی،موجودہ صورتحال اور عدالتی فیصلوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم عدالت کے تمام فیصلوں کا احترام کرتے ہیں لیکن قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہئے ، نواز شریف کو صرف اقامہ پر نا اہل کر دیا گیا جبکہ کپتان نے خود اپنی آفشور کمپنیوں کا اعتراف کیا لیکن وہ نا اہلی سے بچ گئے جو سمجھ سے بالاتر ہے، انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کو عدالت نے تا حیات نا اہل کر دیا ہے اور اب عدالت سے بچ جانے والے کپتان کو خیبر پختونخوا کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے نا اہل کر دیں گے،نہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال اس نہج پر کھڑی ہے جہاں کسی بھی غلطی کی گنجائش نہیں اور سیاستدانوں نے اس صورتحال کا ادراک نہ کیا تو جمہوریت ڈی ریل ہو سکتی ہے ، امیر حیدر خان نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ صوبے کے خلاف سازش ہے اور عمران خان صوبے کو ملنے والی 5اضافی سیٹیں ضائع کرنے کے درپے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم نے تحفظات کے باوجود خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ تسلیم کیا لہٰذا تمام منتخب حکومتوں کو اپنی معیاد پوری کرنی چاہئے اور الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، اے این پی کے صوبائی صدر نے مزید کہاکہ صوبے میں پختون قوم 2018کے انتخابات میں سونامی نہیں بلکہ باچاخانی کو ووٹ دیں گے لوگوں نے ان کی تبدیلی کے جھوٹے دعوؤں اوروعدوں کا حشر دیکھ لیاہے اور ان کے کھوکھلے نعروں میں مزید نہیں آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جو کارکن کی رائے کو اہمیت دیتی ہے اور کارکنوں کے فیصلے کی روشنی میں پارٹی نے تمام حلقوں کے ٹکٹ جاری کئے ، انہوں نے کہا کہ پختون تبدیلی کی حقیقت جان چکے ہیں اور مستقبل میں وہ کسی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے کارکن 2018کے انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کریں

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...