ملاکنڈ کے عوام نے دہشتگردوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا ،بلا ل حسین

ملاکنڈ کے عوام نے دہشتگردوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا ،بلا ل حسین

بٹ خیلہ (بیورو رپورٹ )ملاکنڈ کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف قیام امن میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہاں کے لوگ تعلیم یافتہ اور محب وطن ہیں۔ قیام امن کے لئے ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔ ان خیالات کا اظہارپاک آرمی لیفٹیننٹ جنرل ہلال حسین نے اپنے آبائی گاؤں تھا نہ کے سول ہسپتال میں 8 لاکھ روپے لاگت سے لگائے گئے سولر سسٹم کے افتتاح کے بعد آرمی کیمپس تھانہ میں عمائدین علاقہ اور منتخب نمائندوں کے نمائندہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہسپتال میں سولر سسٹم کے افتتاح کے موقع ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالوکیل ، انچارج ہسپتال ڈاکٹر امیر زیب اور دیگر متعلقہ اہلکار بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر امیر زیب نے ہسپتال کو درپیش مشکلات اور کارکردگی کے بارے میں بتایا ۔ جنرل ہلال حسین نے انہیں یقین دلایا کہ بہت جلد سول ہسپتال سے لیویز چوکی منتقل کر دی جائے گی ۔ نمائندہ جرگہ میں سماجی و سیاسی شخصیات اور علماء نے شرکت کی اور علاقے کو درپیش مسائل اور مشکلات سے اگاہ کیا ۔ جنرل ہلال نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ یہاں کے لوگوں نے قیام امن کے دوران جس جواں مردی اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے وہ تاریخ کے سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ علاقے کے مسائل اور مشکلات سے اچھی طرح اگاہ ہیں اور ترجیحی بنیادوں پر ان مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر قیام امن ممکن نہیں تھا۔ جنرل ہلال حسین اور دیگر مقررین نے عمائدین علاقہ اور منتخب نمائندوں سمیت علماء سے مشکوک اور علاقے کے لئے ناسور افراد کی نشاندہی اور پاک آرمی کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل کی۔ ایک سوال کے جواب میں جنرل ہلال نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد اپنے ساتھیوں اور پاک آرمی کے جوانوں کو اپنا علاقہ دکھانا ، اپنے لوگوں اور دوستوں سے ملوانا، قیام امن کے لئے لوگوں کی قربانیوں سے اگاہ کرانا تھا۔ اس موقع پرلیفٹیننٹ جنرل امیر احمد اور بریگیڈئیر محمود ملہی بھی موجودتھے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...