تورڈھیر ،گندف میں گذشتہ ایک ماہ سے گیس غائب ،عوام کو مشکلات

تورڈھیر ،گندف میں گذشتہ ایک ماہ سے گیس غائب ،عوام کو مشکلات

تورڈھیر(نمائندہ خصوصی)گندف میں گزشتہ ایک ماہ سے سوئی گیس ناپید، عوام علاقہ انگشت بدندان ،مایوس صارفین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے، عوام سوئی گیس آفس صوابی اور مردان کا طواف کر کے تھک گئے عملے کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی نماز فجر ، نماز ظہر اور نماز مغرب کے اوقات میں بدترین اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ جاری صارفین کے صبر کا پیمانہ لبریزہوگیا بلدیاتی نمائندے اور بیوروکریسی اور دیگر ارباب اختیار کو سانپ سونگھ گیا ہے ۔30 ہزار نفوس پر مشتمل یونین کونسل گندف میں محکمہ سوئی گیس کا منی مارشلاء جاری ہے لکڑیوں اور LPG گیس کی مانگ میں زبر دست اضافہ دکانداران موقع سے فائدہ اٹھا کر منہ مانگے داموں پر گیس فروخت کر کے نوٹ چھاپ رہے ہیں گزشتہ ایک ماہ سے نا معلوم وجوہات کی بناء پر محکمہ سوئی گیس کی ہٹ دھرم اہلکار نے صارفین پر گیس بند کر دی ہے علاقے میں رمضان کا سماں عوام سحر ی کو اٹھ کر بچوں کو ناشتہ کرانے پر مجبور ہیں جبکہ بسا اوقات سکول کے معصوم بچے اور بچیاں ناشتہ کئے بغیر نہار منہ سکول جانے پر مجبور ہے قابل ذکر امر یہ ہے کہ گدون صنعتی بستی میں گیس سے بڑے بڑے کارخانے ٹیکسٹائل ملز اور سب سے بڑھ کر سی این جی پمپ چل رہے ہیں جبکہ محکمہ عوام الناس کو خواہ مخواہ ستانے کی آڑ میں غیر قانونی ، غیر اخلاقی اور غیر ضروری لوڈ شیڈنگ پر اتر آئی ہے صحافی شیراعظم جدون نے سوئی گیس آفس صوابی کے انچارج شاہ عالم خان سے بمشکل رابطہ کیا تو صاحب بہادر نے ذمہ داری مردان آفس پر ڈال کر اپنی جان چھڑائی مردان آفس میں انچارج انجینئر تاج ولی خان سے رابطہ کرنے پر موصوف نے صارفین کو طفل تسلی دیتے ہوئے جلد مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تین دن بیت جانے کے با وجود سوئی گیس کا عملہ منظر عام پر آ نہ سکا مشتعل صارفین ، زعماء علاقہ ، اور عوام علاقہ نے ڈپٹی کمشنر صوابی معتصم باللہ اور ارباب اختیار سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے یاد رہے کہ اس تمام صورتحال پر سپیکر اسد قیصر اور انکا لاڈلہ بھائی ایم این اے عاقب اللہ خان اور رکن صوبائی اسمبلی شیراز خان اور دیگر بلدیاتی نمائندوں اور سیاسی بااثر لوگوں نے بھی اس اہم ایشو پر آنکھیں بندرکھی ہوئی ہیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...