بیت المقدس کی آزادی تک ہماری جدوجہد جا ری رہیگی، شیعہ علماء کونسل

بیت المقدس کی آزادی تک ہماری جدوجہد جا ری رہیگی، شیعہ علماء کونسل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (جنرل رپورٹر)قائدملت جعفریہ پاکستان و نمائندہ ولی فقیہ علامہ سید ساجدعلی نقوی کی اپیل پر امریکہ کی جانب سے اسرائیل کا دارلخلافہ تسلیم کرنے کے فیصلے کیخلاف دارلحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبوں پنجاب ، سندھ ،بلوچستان ، خیبر پختونخواہ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے تمام بڑے چھوٹے شہروں جن میں اسلام آباد ،راولپنڈی ، کراچی ، حیدرآباد ، لاہور ، فیصل آباد ، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر شہر شامل ہیں بعد از نماز جمعہ شہر شہر گاؤں گاؤں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس موقع پر علامہ ساجد نقوی کا کہناتھا کہ مسلم ممالک مشترکہ مسائل پر ایک موقف اختیار کریں تو اسلام کی عظمت و سربلندی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔خدا نخواستہ فرقہ واریت کا شکار رہے تو استعماری قوتوں کے مقابلے کیلئے قربانیاں زیادہ دینا ہوں گی۔فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے پاس وسائل موجود ہیں مگر انہیں امت کی بیداری اور تحفظ کیلئے استعمال نہیں کیا جارہا ۔ جس کی وجہ اتحاد کا فقدان ہے، شیعہ علماء کو نسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے اپنے اس اعلان سے عالم اسلام کے ساتھ کھلی جنگ کا اعلان کیا ہے جس سے انکی مسلم دشمنی واضح ہو تی ہے ، مگر انہیں یاد رکھنا چاہیے بیت المقدس کو تمام اُمت مسلمہ اپنا قبلہ اول سمجھتی ہے اور کسی صور ت اس سے دستبردار نہیں ہو سکتے ، اُمت مسلمہ کو چاہیے تمام اسلامی مالک اس اہم ایشو پر اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے ٹرمپ کو اس قدام کو ناکام بنائیں ۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ اور کراچی ڈویژن کی جانب سے بیت المقدس کو امریکہ کی جانب سے اسرائیل کا دالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف مرکزی احتجاجی مظاہرہ امام بارگاہ خواجہ اثناء عشری کے باہر منعقد ہوا جس میں مرکزی رہنما شیعہ علماء کونسل علامہ شبیر حسن میثمی صوبائی صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی،علامہ عابد عرفانی،برادر حسنین مہدی،علامہ فیاض مطہری سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گلگت،دنیور،چھل،سمائر اور نگر خاص میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔مرکزی احتجاجی ریلی جامع امامیہ مسجد گلگت سے ریسٹ ہاؤس چوک تک نکالی گئی۔ریلی سے اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ شیخ مرزا علی، سینئر نائب صدر دیدار علی، غلام عباس نے خطاب کیا جبکہ جماعت اسلامی و دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ بلتستان ڈویژن نے مرکزی جامع مسجد سکردو سے حمایت فلسطین ریلی نکالی۔ ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعروں سے سکردو گونج اٹھا۔ ریلی جب یادگار شہداء سکردو پر پہنچا تو ایک احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کی۔ جلسے سے صوبائی صدر اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان علامہ سید محمد عباس رضوی، علامہ شیخ محمد رضا بہشتی، علامہ سید اکبر شاہ رضوی ، جناب غلام حسین اطہر نے خطاب کیا۔ محمد شبیر حافظی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔شیعہ علماء کونسل ڈیرہ اسماعیل خان کے زیر اہتمام مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی قیادت میں امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کہ( فلسطین اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کر کے امریکہ کی ایمبیسی کو وہاں منتقل کرنے) کے خلاف بعداز نماز جمعہ ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ، ریلی کوٹلی امام حسین سے شروع ہوئی اور بنوں تک پہنچی اور روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا۔علاوہ ازیں سیالکوٹ ، جھانگارا، تحصیل صادق آباد ،تعلقہ کشمور، ضلع خیرپور ا، سکھر ڈویژن ،گجرات، ، ٹنڈوالھیار، نوابشاہ، پہلوان گوٹھ ، ضلع شرقی ،سمیت دیگر شہر وں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔