آزادکشمیر بھر میں جمعہ کو ’یوم تحفظ قبلہ اول ‘‘کے طور پر منایا گیا

آزادکشمیر بھر میں جمعہ کو ’یوم تحفظ قبلہ اول ‘‘کے طور پر منایا گیا

مظفرآباد(بیورورپورٹ)تحریک تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت آزادکشمیر کی اپیل پر ریاست بھر میں جمعۃ المبارک کو ’’یوم تحفظ قبلہ اول ‘‘کے طور پر منایا گیا۔جمعہ کے اجتماعات میں خطباء کرام نے حرمت قبلہ اول پر خصوصی گفتگو کی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تعصب پر مبنی فیصلے کی مذمت میں قراردادیں پیش کی گئیں۔نماز جمعہ کے بعد تحفظ قبلہ اول ریلیاں نکالی گئیں۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی ریلی دارالحکومت مظفرآباد میں ہوئی ۔ اپر اڈہ سے عزیز چوک تک ہونیوالی ریلی میں اہالیان مظفرآباد نے بھرپور شرکت کر کے غیرت ایمانی کامظاہرہ کیا۔ عزیز چوک پر ریلی کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت آزادکشمیرعلامہ حمید الدین برکتی ‘ سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد زمان سیفی ‘صاحبزادہ محمد رفیق جھاگوی ‘ قاری ضیاء المصطفیٰ منور‘ میاں محمد بشیر نقشبندی ‘مولانا روحیل عباسی ‘ راجہ ساجد‘ کامران علی قادری ‘مولانا داؤد ‘ راجہ اسد قیوم‘ عتیق احمد رضا‘ حسنین مصطفائی ‘ صدام عباسی ‘ مولانا ارشد صدیقی ‘صاحبزادہ عبدالرؤف نظامی اور دیگر مقررین نے امریکی صدر کے احمقانہ فیصلے کو عالمی امن کیخلاف سازش اور مسلمانان عالم کیخلاف تعصب کا مظاہرہ قراردیتے ہوئے اس کی شدیدالفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری پرزور دیا کہ امریکی صدر کے اس فیصلے کو واپس لینے میں کردار ادا کرے ۔ مقررین نے نے اسلامی ممالک کی تنظیم پر زوردیا کہ وہ اپنا ٹھوس کردار ادا کرتے ہوئے القدس الشریف کی حفاظت کیلئے اپنی افواج بھیجنے کا اعلان کرے اور استنبول اعلامیہ پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے میں مدد دے ۔اگر امریکہ اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہیں آتا گو او آئی سی آزادی فلسطین کیلئے اعلان جہاد کرے ۔ جس کیلئے مسلم نوجوان شرکت کے منتظر ہیں ۔ ریلی کے آخر میں قرادادیں منظور کی گئیں جن میں امریکی صدر کے فیصلے کی پرزور مذمت ‘ اسے واپس لینے کامطالبہ‘ اسے امریکی صدر کے مسلم دشمنی کا مظاہرہ ‘ امن عالم کو تباہ کرنے والا فیصلہ ‘ اقوام متحدہ کیلئے کھلا چیلنج اور امریکی صدر کا پاگل پن قراردیا ہے ۔ او آئی سی سے موثر کردار ادا کرنے کے مطالبہ کیساتھ ساتھ فلسطینی بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملت اسلامیہ سے ملی بیداری و دینی غیر ت کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...