تاجر دشمن پالیسیوں کے باعث معیشت کو مسائل کا سامنا ہے، حاجی غلام علی
کراچی (کامرس رپورٹر) وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت میں گزشتہ تین برسوں سے برسر اقتدار مفاد پرست ٹولے کی نااہلی اور ناقص کارکردگی ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کے مسائل میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے،مخالف گروپ کی نام نہاد قیادت کی خود نمائی، ذاتی مفاد پرستی اور تاجر دشمن پالیسیوں کے سبب آج قومی معیشت کو گھمبیر مسائل کا سامنا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ بزنس کمیونٹی آستین کے ان سانپوں کو مسترد کرکے فیڈریشن کا وقار بحال کرنے کے لئے متحد ہوجائے۔ ان خیالات کا اظہار بز نس مین پینل کے صدارتی امیدوارسینیٹر حاجی غلام علی نے مختلف تجارتی و صنعتی تنظیموں کے وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ اس موقع پر بزنس مین پینل کے امیدوار برائے سینئر وائس پریذیڈنٹ ناصر حیات مگوں اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ تجارتی و صنعتی وفود نے یو بی جی کی نام نہاد قیادت کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے مفادات کا سودا کرکے ذاتی مفاد کے حصول کی پالیسی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ناصر حیات مگوں نے تجارتی و صنعتی ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ بزنس مین پینل کامیاب ہوکر بیمار صنعتوں کی بحالی و فروغ‘ سیلز ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگی‘ ٹیکسٹائل و دیگر صنعتوں کیلئے مراعات اور سی پیک منصوبے کے پیش نظر قومی معیشت کے استحکام‘ سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی پیکیج اور تاجروں کو ریلیف دلانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مخالف گروپ کی نااہلی کا یہ عالم ہے کہ رواں سال فیڈریشن کے تحت ایکسپورٹ ایوارڈ ٹرافی 2017ء کا انعقاد نہ ہوسکا جبکہ ہمارے صدارتی امیدوارسینیٹر حاجی غلام علی کی قیادت میں بزنس مین پینل نے وزیراعظم شاہد خا قان عباسی سے ملاقات کرکے بزنس کمیونٹی کے مسائل سے آگاہ کیا۔ انشاء اللہ تاجروں و صنعت کاروں کو درپیش مسائل جلد حل ہوں گے۔ سینیٹر حاجی غلام علی نے کہا کہ اقتدار کی رسیا یو بی جی کی نام نہاد قیادت کی بلیک میلنگ‘ مفاد پرستی اور تاجر دشمن پالیسیاں اب بزنس کمیونٹی پر عیاں ہوچکی ہے۔ بلوچستان اور خیبرپختوا کی طرح اب پنجاب اور سندھ میں بھی بزنس مین پینل تاریخی کامیابی حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بز نس مین پینلFPCCI کے حالیہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل اور قومی معیشت کے فروغ کیلئے سر دھڑ کی بازی لگادے گی