گیس بحران، سندھ حکومت نے وفاق کو آڑے ہاتھوں لے لیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی 6 دن سے بلوں میں گھسے ہوئے ہیں، یقین دہانی کے باوجود سندھ کے گیس بحران کا کوئی حل نہیں نکالا گیا۔میڈیا سے گفتگو میں امتیاز شیخ نے وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ معلوم ہوتا ہے کہ نہ وزیراعظم کی چلتی ہے نہ وفاقی وزیر کی، ادارے اِن کے قابو سے باہر ہیں، بیوروکرسی ان کی سن نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ سندھ کا گیس کوٹا کاٹ کر دوسروں کو کیوں دیا گیا ؟ وفاق سے محاذ آرائی نہیں،آئین و قانون کے تحت بات چاہتے ہیں۔وزیر توانائی سندھ نے مزید کہا کہ وفاقی وزیرپیٹرولیم نے کل تک گیس کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے،پی ٹی آئی ارکان کہاں ہیں جو بہت باتیں کررہے تھے؟ان کاکہنا تھا کہ سندھ کا کوٹا 10 ہزار سے 11 سو ایم ایم سی ایف ڈی ہے، سندھ 27 سو ایم ایم سی ایف ڈی پیدا کرتا ہے، سندھ سے گیس کی پیداوار میں کوئی کمی نہیں ہوئی،کوٹے میں سے بھی کاٹ کر دوسرے صوبوں کو کیسے دے دیا گیا؟اس حوالے سے چیئرمین سی این جی ڈیلر ایسوسی ایشن عبدالسمیع کان نے کہاکہ وہ سندھ میں گیس بحران کی تشویشناک صورتحال سے انتہائی مایوس ہیں، وہ وزیر بھی رہے ہیں، لیکن ایسا تماشا کبھی نہیں دیکھا۔انہوں نے کہاکہ گیس کے بحران سے سندھ بھر میں بیروزگاری کا مسئلہ سراٹھا رہا ہے، لوگ پریشان ہیں، مارنے پیٹنے کی نوبت آگئی ہے،پی ٹی آئی کے مشیر انہیں غلط مشورے دے رہے ہیں۔صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے کہا کہ گیس بحران کے حل کے لئے اگر وفاقی حکومت کو ان سے تعاون مانگنے میں شرم آتی ہے تو سمیع اللہ خان جیسے بزرگوں سے مشورہ لے لیں۔