ملکی ترقی کیلئے تعلیم یافتہ اور بلند اخلاق کے حامل نوجوان نا گزیر ، وزیراعلیٰ سندھ

ملکی ترقی کیلئے تعلیم یافتہ اور بلند اخلاق کے حامل نوجوان نا گزیر ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حیدرآباد(آن لائن) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے تعلیم یافتہ اور بلند اخلاق کے حامل نوجوان نا گزیر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اچھے تعلیمی ادارے ملک کی ترقی میں عام کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کیڈٹ کالج پٹارو جیسے تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج کیڈٹ کالج پٹار و میں کالج کے 57ویں یوم والدین کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم صوبے میں معیاری اور سستی تعلیم کیلئے کوشاں ہیں اور موجودہ تعلیمی نظام میں کمی اور خامیوں کو دور کرنے کیلئے حکومت سندھ خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہو اور آپ کا صرف اور صرف ایک ہی مشن ہونا چاہیے کہ آپ اچھی تعلیم حاصل کر کے اپنے ملک کی خدمت کریں ۔انہوں نے اس موقع پرپوری دنیا میں کمپیوٹرکے سبجیکٹ میں اول آنے والے کیڈٹ اظہر جان کو ایک لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اسٹک آف آنر جیتنے والے سابق کیڈٹ اذہان اور کیڈٹ عبدالسلام کو بیسٹ اکیڈمکس ایوارڈز جیتنے پر مبارکباد دی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے بیج آف آنر جیتنے والے کیڈٹس کو بھی مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کیڈٹ کالج پٹارو کے پرنسپل اور اساتذہ کی معیاری تعلیم کی فراہمی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کالج کے پرنسپل کو یقین دلایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے کالج کی ہر ممکن مدد اور تعاون جاری رہے گا۔ قبل ازیں کیڈٹ کالج پٹارو کے پرنسپل کموڈورمحبوب الاہی ملک نے اپنے خطاب میں پٹارو کالج کے کیڈٹس کی کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔تقریب میں کیڈٹس نے مارچ پاسٹ ، پی ٹی ، چائنیز کلچر ، کراٹے اور گھڑ سواری کا مظاہرہ کیا ۔تقریب میں کیڈٹس کے بنائے ہوئے فن پاروں کی بھی نمائش کی گئی ۔تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی ملک اسد سکندر ،کمانڈر کراچی اور چیئر مین بورڈ آف گورنرز کیڈٹ کالج پٹار وریئر ایڈمرل آصف خالق ،وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی فتح محمد برفت ، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ ، ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ ، ڈی سی جامشورو کیپٹن ( ر) فرید الدین مصطفی اور ایس ایس پی جامشورو توقیر نعیم کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ