فوجی عدالتوں میں 546 مقدمات میں310 دہشتگردوں کو سزائے موت سنائی گئی،آئی ایس پی آر
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاک فوج کے تعلقات عامہ شعبہ آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ فوجی عدالتوں میں 546 مقدمات میں 310 دہشتگردوں کوسزائے موت سنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سانحہ اے پی ایس کے بعد فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا،پاک فوج کے تعلقات عامہ شعبہ آئی ایس پی آرکے مطابق فوجی عدالتوں کے قیام سے اب تک 717 ملزمان کے کیسزبھیجے گئے ہیں،ان کیسزمیں سے 546 مقدمات نمٹادیئے گئے۔
آئی ایس پی آرکا کہناہے کہ 546 مقدمات میں 310 دہشتگردوں کوسزائے موت سنائی گئی جبکہ234 دہشتگردوں کو 5 سال سے لے کرعمرقیدکی سزا سنائی گئی ،فوجی عدالتوں نے 2 ملزمان کوبری بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 310 میں سے 56 دہشتگردوں کی سزائے موت پرعملدرآمدہوچکاہے، سزائے موت کے 254 دہشتگردوں کی اپیلیں مختلف عدالتوں میں زیرسماعت ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق اے پی ایس حملے کے 5 دہشتگردبھی سزائے موت پانیوالوں میں شامل ہیں،ان کے علاوہ سزائے موت پانیوالوں میں میریٹ ہوٹل اسلام آباد،پریڈلین حملے ،آئی ایس آئی ملتان آفس،ایس ایس جی جوانوں پرحملوں ،آئی ایس آئی سکھرآفس پرحملے میں ملوث دہشتگردبھی شامل ہیں۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ کے مطابق سزائے موت پانے والوں میں بنوں جیل حملہ،مستونگ فرقہ واریت،نانگاپربت پرغیرملکیوں کو مارنے والے،چلاس میں شہریوں اورسکیورٹی جوانوں پرحملے کے دہشتگردبھی شامل ہیں۔