’انتہا پسندی و دہشتگردی عوام کی بدترین دشمن ہے‘ بلاول بھٹو زرداری
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ اے پی ایس کی چوتھی برسی پر پیغام میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی و دہشت گردی اِس ریاست اور پاکستانی عوام کی بدترین دشمن ہے۔
اپنے ایک پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ چار سال قبل آج کے دن معصوم بچوں پر حملے نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو اشکبار کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی سانحے کے متاثر والدین اور خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ سانحہ پاکستان اور اس کی عوام کےلئے ہمیشہ ایک صدمہ رہے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ان دشمنوں کے ساتھ کسی فرد یا گروہ نے ظاہری یا خفیہ طور نرمی برتی تو قوم برداشت نہیں کرے گی۔اس موقع پر بلاول نے پارٹی رہنما و کارکنان سے کہا کہ وہ آج کا دن سانحے کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گزاریں۔