زرداری کا جیل جانا قریب آچکا، وزیر اعظم عمران خان ’’انڈے ‘‘ والا نہیں بلکہ ’’ڈنڈے‘‘ والا ہے:حلیم عادل شیخ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکریٹری و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ’’انڈے ‘‘ والا نہیں بلکہ ’’ڈنڈے‘‘ والا ہے ،علی بابا اور چالیس چور جلسے کرتے پھر رہے ہیں، زرداری کا جیل جانا قریب آچکا،انور مجید کو کچھ کہیں تو تکلیف زرداری صاحب کو ہوتی ہے،زرداری صاحب کو غریب کا فکر ہے تو بتائیں کے تھر میں کیا امیر رہتے ہیں؟۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ میں پانی کی قلت کے حوالے سے تحریک انصاف کی جانب سےکراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ کے حکمران کراچی کو پانی دینے کے قابل نہیں، 11 سال ان کی حکومت رہی ہے پیسے کہاں گئے؟ آج آدھا شہر پیاسا ہے،کوئی ایک شہر گاؤں بتادیں جہاں پانی ہو؟ سمندر کنارے آباد شہر کراچی بوند بوند کو ترس رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حرام کھا کھا کے ان کے پیٹ بھر چکے ہیں،تحریک انصاف کی حکومت ان سے ایک ایک روپے کا حساب لے گی ،وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ معصوم نہیں سندھ کے خزانے کی چابی ان کے پاس ہے ، تھر والوں کو امداد دینے کے لیے مراد علی شاہ کا قلم نہیں چلتا اومنی کے لیے ان کا قلم دوڑتا ہے، عوام کا حق ہم چھین کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگلا احتجاج سی ایم ہاؤس کے باہر ہوگا ،زرداری صاحب کراچی میں مینڈیٹ ہمارا ہے اور انتظامیہ سندھ حکومت کی ہے، بلاول زرداری اگر کرپشن سے یوٹرن لیتے تو آج یہ حال نہیں ہوتے۔احتجاجی مظاہرے سے اپوزیشن لیڈر سندھ فردوس شمیم نقوی،ممبران سندھ اسمبلی جمال صدیقی، سعید آفریدی،راجہ اظہر، رمضان گھانچی،ملک شہزاد اعوان اور ڈاکٹر مسرور سیال سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔