لیسکو راوی روڈ سب ڈویژن کا بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن، 500مقدمات درج 

لیسکو راوی روڈ سب ڈویژن کا بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن، 500مقدمات درج 

  



لاہور(خبرنگار) ایکسیئن راوی روڈ ڈویژن فواد خالد نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران بجلی چوروں کے خلاف 500 مقدمات رجسٹرڈ کروائے، 17 لاکھ 25 ہزار یونٹ چارج اور 6 کروڑ سے زائد کے جرمانے کئے،راوی روڈ ڈویژن نے بجلی چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں لیسکو کی تمام ڈویژنوں کو مات دے دی ہے۔ ایکسین راوی روڈ فواد خالد نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی تعیناتی سے پہلے راوی روڈ ڈویژن میں بجلی چوری کی شکایات انتہائی زیادہ تھیں جس پر انہوں نے چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کی ہدایت پر ایس ای ناردرن سرکل عطرت حسین کی نگرانی میں اپنی ٹیموں کے ہمراہ بڑے پیمانے پر بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کارروائیاں کیں۔ یکم ستمبر سے اب تک  249 ایف آئی آرز رجسٹرڈ کروائی گئی ہیں جس میں 3 ماہ کے دوران 3 کروڑ سے زائد کے جرمانے ڈالے گئے ہیں اور صارفین سے ساڑھے 8 لاکھ یونٹ چارج کئے گئے ہیں۔ ایک سوال پرایکسین راوی روڈ فواد خالد نے بتایا کہ بجلی چوری میں سب سے زیادہ میٹر ٹمپرڈ کی شکایات پائی گئی ہیں جبکہ بجلی کی مین تاروں سے ڈائریکٹ سپلائی کی شکایات دوسرے نمبر پر پائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ شاہدرہ سب ڈویژن میں بجلی چوری پکڑی گئی ہے جس میں 150 صارفین کے خلاف بجلی چوری پر مقدمات درج کئے گئے ہیں جس میں ایس ڈی او شاہدرہ غضنفر بیگ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے۔ دوسرے نمبر پر جیا موسیٰ سب ڈویژن اور بیگم کوٹ سب ڈویژن جبکہ تیسرے نمبرپر امین پارک میں ایس ڈی او احسان اللہ فاروقی نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ ان کی نگرانی میں چھاپے مارے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران فیکٹریوں اور کارخانوں میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے اور اس میں 50 فیکٹریوں میں منظور شدہ لوڈ سے بجلی کا لوڈ زیادہ استعمال کرنے پر 50 نئے ٹرانسفارمر رکھوائے گئے ہیں، شاہدر، جیا موسیٰ، کریم پارک، راوی روڈ، امین پارک، فضل پارک اور بیگم کوٹ میں 50 سے زائد گلیوں میں فور کور گولے ڈالے گئے ہیں جبک ان گلیوں اور محلوں میں 50 نئے ٹرانسفارمر رکھوائے گئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ اور ایس ای ناردرن سرکل عطرت حسین نے ان کی ماتحت پانچوں سب ڈویژنوں، شاہدرہ، کریم پارک، جیا موسیٰ، امین پارک اور بیگم کوٹ سب ڈویژن کے ایس ڈی اوز اور ان کی ٹیموں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد دی ہیں اور راوی روڈ ڈویژن کی کارکردگی کو زبردست سراہا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1