گیس پریشر میں کمی، کمپریسر لگانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز 

  گیس پریشر میں کمی، کمپریسر لگانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز 

  



لاہور(خبرنگار) سردی کی شدت بڑھتے ہی گیزر،ہیٹرزاور کمپریسر کااستعمال ہونے سے گیس پریشر میں کمی، سوئی گیس کی ٹیموں نے چھاپوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے سوئی گیس کمپنی کے جنرل منیجر لاہور ریجن شہزاد اقبال لون نے روزنامہ پاکستان کو بتایاکہ صارفین کو چاہیے کہ گیس ہیٹر کی بجائے گرم کپڑوں کااستعمال کریں کیونکہ گیس ہیٹرکمرے کی آکسیجن اپنی جانب کھینچ لیتا ہے اور ویسے بھی بوڑھے افراد اور بچوں کے لئے گیس ہیٹر مفید نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین گیزر کااستعمال کم سے کم کریں جبکہ ہیٹرز کے استعمال سے پرہیز کریں  اس طرح گیس کا بل بھی کم سے کم آئے گا۔ جی ایم شہزاد لون نے مزید کہا کہ گیس ہیٹر کے استعمال سے گیس کا بل چار گنا بڑھ جاتا ہے۔ صارفین کمپریسر کے استعمال کرنے والوں پر نظررکھیں اور سوئی گیس کی ہیلپ لائن 1199 پر فوری اطلاع کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف انجینئر راشد عنایت کی نگرانی میں کمپریسر کے بڑھتے ہوئے استعمال پر کریک ڈاؤن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...