تحصیل نیاز بیگ میں 600سے زائد انتقال زیر التواء،ریونیو افسر کو نوٹس
لاہور(اپنے نمائندے سے)تحصیل سٹی کے پٹوار سرکل نیاز بیگ میں 600 سے زائد انتقالات التوا ء کا شکار، پیسوں کا لین دین نہ ہونے کے باعث ریونیوافسر نے انتقالات کی تصدیق روک ڈالی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اصغر جوئیہ نے نوٹس لے لیا، ریونیوافسر کی ریکارڈسمیت دفتر طلبی شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لاہور محمد اصغر جوئیہ کی جانب سے تحصیل سٹی کے پٹوار سرکل نیاز بیگ کے ریکارڈ کی انسپکشن کے دوران معلوم ہوا کہ ریونیو افسر محبوب خان کی جانب سے 600 سے زائد انتقالات التوا میں رکھے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اصغر جوئیہ نے تمام ریونیو سٹاف کوبھی طلب کر لیا اور کوتاہی کے ذمہ دار ریونیو افسر محبوب خان پر برس پڑے محبوب خان کو فوری شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا اور تفصیلی انکوائری رپورٹ کمشنر لاہور اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب کو بھی بھجوانے کی ہدایت کر دی جس پر ریونیو افسر محبوب خان نے ایک ہفتے میں تمام انتقالات کی تصدیق کرنے کی حامی بھرتے ہوئے مہلت مانگ لی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سے شوکاز اور انکوائری میں نرمی برتنے کی بھی اپیل کر دی۔تاہم ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے پبلک انٹرسٹ کے کام میں تاخیر اور غفلت برتنے پر ریونیو افسر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا عندیہ دے ڈالا۔