ماضی کی شوبازیوں کا دور گزر چکا، پنجاب حکومت کی کارکردگی تینوں صوبوں سے بہتر: عثما ن بزدار

ماضی کی شوبازیوں کا دور گزر چکا، پنجاب حکومت کی کارکردگی تینوں صوبوں سے ...

  



لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کی قیادت میں پنجاب کے تینوں ریجن کے صدور اورجنرل سیکرٹریزنے ملاقات کی،جس میں پارٹی امور اورکوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیااورنچلی سطح پر پارٹی کو مزید فعال اور موثر بنانے کیلئے تجاویز پر غورکیاگیا-ملاقات میں گورننس کو بہتر بنانے کے لئے باہمی مشاورت کے سلسلے کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کارکن تحریک انصاف کا قابل قدر اثاثہ ہیں اوران کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے گا-تحریک انصاف کے عہدیدار اور کارکن ہمارے سر کا تاج ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداروں اور کارکنوں کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں جلد اضلاع کے دورے شروع کررہا ہوں اورتحریک انصاف کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ہر ضلع میں جا کر ملاقات کروں گا-عوام کے مسائل کے حل کے لئے پارٹی عہدیداروں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھوں گا-پارٹی عہدیداروں کی تجاویز کو پوری اہمیت دی جائے گی اورقابل عمل تجاویز پر عملدرآمد ہوگا-مقامی سطح پر عوام کو ریلیف اور سہولتوں کی فراہمی کے لئے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے رابطے کئے جائیں گے-عثمان بزدار نے کہاکہ وزیراعلیٰ آفس کے دروازے آپ کیلئے کھلے ہیں اورصوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں شانہ بشانہ چلیں گے۔کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کے لئے فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا-میرا کوئی اور ایجنڈا نہیں،صرف عوام کی خدمت کیلئے آیا ہوں۔پنجاب میں ہر کام میرٹ پر ہوتا ہے-تنقید برائے تنقید کے باوجود پنجاب حکومت کی کارکردگی تینوں صوبوں سے بہتر ہے،ایسے عناصر تنقید کرتے رہ جائیں گے اور پنجاب آگے بڑھتا جائے گا- 15ماہ کے دوران خلوص نیت اورمحنت کے ساتھ عوا م کی خدمت کی ہے۔قلیل مدت میں پنجاب اسمبلی نے ریکارڈ قانون سازی کی ہے-گزشتہ 30برس کے دوران آنے والی حکومتوں نے مسائل کے انبار لگائے اور ماضی کی شوبازیوں کا دور گزر چکا ہے،اب نیک نیتی سے صرف کام،کام اورکام ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں اوراگلے برس کے ابتدائی مہینوں میں بلدیاتی الیکشن کرانا چاہتے ہیں،جس کے لئے تیزی سے اقدامات کئے جا رہے ہیں -پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کو مزید مضبوط جماعت بنانے کیلئے مل کر کام کیا جائے گا۔ پارٹی کی تنظیم سازی کے عمل کو نچلی سطح تک وسعت دی جا رہی ہے-ملکر او رباہمی مشاورت سے کئے گئے فیصلوں کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے-وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں تحریک انصاف کے مرکزی سینئرنائب صدر ارشد داد،مرکزی نائب صدر عمرسرفراز چیمہ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر مئیر،مرکزی چوائنٹ سیکرٹری مصدق گھمن،سیکرٹری گڈ گورننس پنجاب اعجاز منہاس،صدر سنٹرل پنجاب اعجاز چودھری، صدرشمالی پنجاب صداقت عباسی، صدرجنوبی پنجاب نور بھابھہ،جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب علی امتیازوڑائچ، جنرل سیکرٹری شمالی پنجاب ڈاکٹر حسن مسعود اور جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب علی رضا دریشک شامل تھے-چیف وہیب ورکن پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے- سردار عثمان بزدارنے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی پانچویں برسی کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصدکے حصول کیلئے اپنی قیمتی جانوں کی عظیم قربانی دی۔ پانچ برس قبل معصوم بچوں کے ساتھ بربریت کرنے والے درندے اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔آرمی پبلک سکول کے سانحہ میں شہید ہونیوالے بچے اور اساتذہ کی عظیم قربانیاں رنگ لائی ہیں۔شہداء کی عظیم قربانیوں کے طفیل دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم کا مثالی اتحاد اوراتفاق سامنے آیا۔انہوں نے کہا کہ شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اورعزم عطاکیا۔قیام امن کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے معصوم بچوں کا بہنے والا خون رنگ لایا ہے۔قوم کے بہادر بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کے باعث وطن عزیز کو امن نصیب ہوا۔انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے بچو ں نے محفوظ اورپرامن پاکستان کیلئے اپنے لہو سے تاریخ لکھی ہے۔16دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتارہے گا۔انہوں نے کہا کہ قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ معصوم بچوں کے ناحق بہنے والے خون کے نتیجے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہوئی ہے اورقوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی۔ شہید ہونیوالے بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں دہشت گردی اورانتہاء پسندی کی قعطاً کوئی گنجائش نہیں۔پوری قوم آج آرمی پبلک سکول پشاورکے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔

عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول


loading...