شیخوپورہ،کمسن بچے پرکلاشنکوف  سے حملہ کرنے کا مقدمہ درج

  شیخوپورہ،کمسن بچے پرکلاشنکوف  سے حملہ کرنے کا مقدمہ درج

  



شیخوپورہ(آئی این پی) پولیس نے  ڈیڑھ سالہ بچے پر کلاشنکوف سے مخالفین پر حملہ کرنے کا مقدمہ درج کر لیا،پولیس نے شیر خوار ڈیڑھ سالہ حماد پر کلاشنکوف رکھنے، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا ہے جب کہ 9 سالہ عمار پر پستول اور 12 سالہ عامر پر ڈنڈے سے حملہ آور ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانا فیکٹری ایریا پولیس شیخوپورہ نے 3 کمسن خطرناک ملزموں اور ان کے باپ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔پولیس کی جانب سے دائر درخواست میں نامزد تینوں بھائیوں کی عمریں 15 برس سے بھی کم ہیں جن میں سب سے چھوٹے بچے کی عمر ڈیڑھ سال، پھر 9 اور بڑے بچے کی عمر 12 سال ہے۔پولیس نے شیر خوار ڈیڑھ سالہ حماد پر کلاشنکوف رکھنے، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا ہے جب کہ 9 سالہ عمار پر پستول اور 12 سالہ عامر پر ڈنڈے سے حملہ آور ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے بچوں کے باپ منظور گورایا پر بھی پستول رکھنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔بچوں کے والد منظور گورایا نے بتایا کہ وہ ضمانت کے لیے فیروز والا کچہری گئے تو عدالت ڈیڑھ سالہ ملزم کو دیکھ کر حیران ہو گئی۔متاثرہ فیملی نے بتایا کہ انہوں نے شیخوپورہ کی ایک نجی ہاسنگ سوسائٹی میں پلاٹ خریدے تھے جہاں وہ کئی سال سے گھر بنا کر رہ بھی رہے ہیں لیکن سوسائٹی مالکان انہیں زمین کے کاغذات نہیں دے رہے، وہ کاغذات مانگتے ہیں تو مقدمات میں الجھا دیا جاتا ہے۔متاثرہ فیملی نے بتایاکہ انہوں نے لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاج بھی کیا لیکن پولیس الٹا ان پر ہی جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے۔اس پورے معاملے پر متاثرہ فیملی نے تنگ آکر حکومت سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقدمہ درج

مزید : صفحہ اول