وزیراعظم کا استعفی حلوہ خور مولوی کا ڈراؤنا خواب، کشمیر میں ہندو آباد کاری برادشت نہیں: اعجاز شاہ
ننکانہ صاحب (نمائندہ خصوصی، این این آئی )وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)اعجاز احمدشاہ نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا استعفیٰ حلوہ خور مولوی کا ڈراؤنا خواب ہے اس نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں دورے کر کے دیکھ لیا ہے کہ اس کیلئے انگور کھٹے ہیں، PICلاہور پر حملہ کرنیوالوں کو سزا کی بھٹی سے گزرنا پڑے گا، مقبوضہ کشمیر پر پی ٹی آئی کے متعلق سودے بازی کرنے کا بیان مولوی فضل الرحمن کی انتہائی غلیظ اور گھٹیا ترین سوچ ہے،عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ جس انداز میں پیش کیا ہے ماضی میں کسی حکومت کے دور اقتدار میں اس کی مثال نہیں ملتی مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی طرف سے ہندوؤں کی آبادکاری کسی بھی لحاظ سے برداشت نہیں کی جائے گی۔دوسری طرف مسیحی برادری کی طرف سے کرسمس ڈے کے حوالے سے تحصیل کونسل ہال ننکانہ صاحب میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ تھے جبکہ تقریب میں روبینہ فیروز بھٹی، ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد، ڈی پی او اسماعیل الرحمن کھاڑک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) احمد کمال، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب صولت حیات وٹو، سابق چیئرمین یونین کونسل و وفاقی وزیر داخلہ کے بھائی پیر حسن احمد شاہ المعروف پیر پپو شاہ، کوارڈی نیٹر حلقہ این اے 118پیر سرور شاہ، سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل بشیر مسیح بھٹی، اے ڈی مسیح، سکھ کمیونٹی کے رہنما سردار گوپال سنگھ چاولہ سمیت مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد اور مسیحی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقعہ پر وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے دیگر کے ساتھ ملکر کرسمس کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔
اعجاز شاہ