مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جذبات نہیں اہدا ف اور حکمت عملی اپنانا ہوگی: راجہ فاروق

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جذبات نہیں اہدا ف اور حکمت عملی اپنانا ہوگی: راجہ ...

  



اسلام آباد(آئی این پی)جموں وآزاد وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ کشمیر کی صورتحال کے سلسلے میں ہمیں جذبات کے بجائے تدبر اور حکمت عملی سے اپنے اہداف مقرر کرکے عملی اقدامات کرنے ہونگے۔ وہ گزشتہ روز جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام آل پارٹریز قومی کشمیر کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ، پیپلز پارٹی، مسلم کانفرنس، لبریشن لیگ اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں اور نمائندے بھی موجود تھے۔ کانفرنس سے عبدالحمید ڈار، رفیق ڈار، محمود احمد ساغر، سلیم ہارون، عبداللہ گیلانی، فیض نقشبندی، شمیم شال، چوہدری پرویز اشرف، جسٹس ریٹائرڈ عبدالمجید ملک، سردار عثمان عتیق، ارشاد محمود، جاوید راٹھور، راجہ ذوالفقار، افضل بٹ ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ میں نے وزارت خارجہ کے ذمہ داران سے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں جب تک کشمیری قیادت دنیا سے براہ راست بات نہیں کریگی ہمیں دنیا میں خاطر خواہ حمایت حاصل نہیں ہوگی۔ اگر وہ کشمیری نمائندوں کو آگے کرکے پشت پناہی کرینگے تو میں دعوے سے کہتا ہوں کہ کشمیری دنیا میں ہندوستان کو پچھاڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کو اس وقت جس سنگین اورتشویشناک صورتحال کا سامنا ہے اس کا اندازہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ ان کو کھانے پینے رہنے اور روزمرہ کے دیگر معاملات میں کس طرح کی صورتحال کا سامنا ہے۔

 راجہ فاروق

مزید : صفحہ آخر