قبائلی اضلاع سمیت ملک بھر میں انسداد پولیس مہم کا آغاز

قبائلی اضلاع سمیت ملک بھر میں انسداد پولیس مہم کا آغاز

  



لاہور،اسلام آباد،باجوڑ(این این آئی)سندھ اور خیبرپختونخوا ہ سے پولیو کے مزید 3 کیسز سامنے آنے کے بعد رواں برس ملک بھر میں متاثرہ بچوں کی تعداد 101تک پہنچ گئی، انسداد پولیو کی قومی مہم آج(پیر) سے شروع ہو گی جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے عہدیدار نے بتایا کہ نئے کیسز ضلع میرپورخاص اور صوابی سے رپورٹ کیے گئے ہیں۔ضلع میرپورخاص میں 36ماہ کا بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا ہے جو تحصیل ڈگری میں یونین کونسل میر خدا بخش کا رہائشی ہے۔بچے میں پولیو ویکسین کی صرف2ڈوز کی تصدیق ہوئی ہے۔عہدیدار کے مطابق  پولیو سے متاثر ہونے والے دوسرے بچے کی عمر 6 سال ہے جو تحصیل میرپور خاص یو سی 5کا رہائشی ہے، بچے کی دونوں ٹانگیں مفلوج ہوگئی ہیں۔اہل خانہ کے مطابق بچے کو انسداد پولیو ویکسین کے 10 ڈوز دئیے گئے تھے۔صوابی سے رپورٹ ہونے والے پولیو کیس کی تفصیل بتاتے ہوئے این آئی ایچ کے عہدیدار نے کہا کہ متاثر ہونے والے 6 ماہ کے بچے کا تعلق تحصیل ٹوپی کی یوسی بٹاکڑہ ہے۔اب تک رواں برس میں پولیو کے 101 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 2018 میں 12 اور 2017 میں 8 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں انسداد پولیو کی قومی مہم آج پیر سے شروع ہوگی جو20دسمبرتک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران وٹامن اے کے کیپسول بھی دئیے جائیں گے۔ محکمہ صحت کی جانب سے انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ پولیس پولیوورکرز کو سکیورٹی فراہم کرنے کے فرائض سر انجام دے گی۔ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود اورایم این اے گل ظفر خان نے بچوں کو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پلوا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر ایم این اے گل ظفر خان نے والدین پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔اس مرض کے وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کے بد نامی ہورہی ہے۔ضلع اورکزئی میں 3 روزہ انسداد پو لیو انتظامات مکمل کر لئے  گئے۔40 ہزار سے زائد بچوں کا پو لیو قطرے پلانے کیلئے 216 ٹیمیں تشکیل جبکہ نگرانی کیلئے 54 ایریا انچارج مقرر کردئیے گئے۔ بلوچستان کے 33اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم آج بروز پیر سے شروع ہوگی جس کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ اس مہم کے دوران10 ہزار 452کے قریب ٹیمیں حصہ لینگی

پولیو مہم

مزید : صفحہ آخر