محکمہ زراعت پنجاب کا محکمانہ خریداری نظام آن لائن کردیا گیا
راولپنڈی (ا ے پی پی) پنجاب حکومت نے سرکاری اداروں میں شفافیت کے تحت محکمہ زراعت کی محکمانہ خریداری کو آن لائن کردیا۔زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ محکمہ زراعت نے پروکیورمنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (PMIS) کے ذریعے محکمانہ خریداری کے نظام کو آن لائن کیا ہے جس سے محکمانہ خریداری کے عمل کی موثر انداز میں مانیٹرنگ ہو سکے گی اور آڈٹ کی غلطیوں میں کمی واقع ہوگی۔ترجمان نے کہا کہ محکمہ زراعت صوبائی سطح پرآن لائن خریداری کے ریکارڈ مرتب کرنے کا آغاز کرنے والا پہلا محکمہ ہے۔واضح رہے کہ ماضی کی مثالوں کے پیش نظر ایک شفاف اور ڈیجیٹل نظام کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت تھی جو تمام دفاتر میں ہونے والی خریداری کو قوانین (PPRA)کے مطابق مرتب کرنے میں معاونت فراہم کرے اور اس کے ریکارڈ کا بھی مکمل احاطہ کرے تاکہ بعد ازاں محکمانہ آڈٹ کرتے وقت ہونے والی دشواریوں اور پیش آنے والی غلطیوں سے بچا جائے۔