مانگ کے مطابق ہنرمندفورس تیارکرنے پر توجہ دی جائے‘ پرویز حنیف
لاہور(این این آئی)چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف نے کہاہے کہ نوجوانوں کو روایتی ہنرسکھانے کی بجائے بیرون ممالک مانگ کے مطابق جدیدہنرسکھائیں جائیں، عالمی مارکیٹ میں ہنرمند فورس کی بڑی مانگ ہے اس لئے اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے،حکومت نوجوانوں کو بیرون ممالک سے ہنر سکھانے کیلئے سکالر شپس دے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے سی ٹی آئی میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستا نی قالین خوبصورت ڈیزائنزاورمعیارکی وجہ سے دنیا میں منفرد پہچان رکھتے ہیں اورہم نے غیر ملکی خریداروں کے رجحان کو مد نظررکھتے ہوئے مزید بہتری لانی ہے۔اگر حکومت اس شعبے کی سرپرستی کرے تو پاکستان ہا تھ سے بنے ہوئے قالینوں کی برآمدات میں اپنا کھویا مقام دوبارہ حاصل کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے کسی بھی پروگرام کے اجراء سے پہلے نجی شعبے میں ہنر سکھانے والے اداروں سے بھی مشاورت کرے اورانہیں اعتماد میں لیا جائے تاکہ اس سے بھرپور استفادہ کیا جاسکے ۔ پرویز حنیف نے بتایا کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی ورکنگ میں مزیدبہتری لانے کیلئے اقدامات تجویزکئے گئے ہیں جس کے تحت نامور ماہر کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔