حکومت پسماندہ علاقوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے: اشتیاق ارمڑ
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات اشتیاق ا رمڑ نے کہا ہے کہ ماضی ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ذاتی پسند و ناپسند کلچر کو فروغ دیا گیا جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے پسماندگی، علاقوں کے عوامی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے وہ ہند کو دامان، میاں گجر اور چمکنی پشاور میں مختلف اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لئے ایک جامع منصوبے پر عمل پیرا ہے جس سے پسماندہ علاقوں کی احساس محرومی ختم ہو گی اور صوبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں رکھتے، ماضی میں جن سیاسی جماعتوں نے عوام کو دھوکہ دیا تھا ا ن کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پی کے 69میں صحت، تعلیم، آبنوشی، بجلی و گیس اور سڑکوں کی تعمیرات کے کام اولین ترجیح ہے اور علاقے کے کسی بھی یونین کونسل کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں تبدیلی کے لئے منتخب کیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کر رہی ہے۔