اہداف کے حصول کیلئے ضلعی انتظامیہ علماء کا تعاون حاصل کرنے میں کامیاب 

اہداف کے حصول کیلئے ضلعی انتظامیہ علماء کا تعاون حاصل کرنے میں کامیاب 

  



بنوں (بیورورپورٹ)ڈویژنل کمشنر بنوں عادل صدیق کے زیر نگرانی ضلع لکی مروت کے سب سے بڑے دینی مدرسے جامعہ حلیمیہ درہ پیزو میں پولیو سے بچاؤ کے سلسلے میں ایک بڑا سیمینار منعقد ہوا جس میں علماء کرام، مفتیان اور کثیرتعداد میں مدرسے کے طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔کمشنر بنوں عادل صدیق مہمان خصوصی تھے جبکہ دیگر شرکاء میں ایم این اے مولانا محمد انور، ڈپٹی کمشنرجہانگیر اعظم وزیر، مہتمم مدرسہ مفتی عبدالغنی، ڈسٹرکٹ خطیب مولانا عبدالوہاب، محکمہ صحت اور پارٹنر اداروں کے افسران شامل تھے۔ اس موقع پر علماء کرام نے پولیو سے بچاؤ کے ویکسین کو بچوں کے لئے محفوظ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے میں کوئی قباحت نہیں اور والدین کو اس سلسلے میں پولیو ٹیموں سے تعاون کرنا چاہیے۔ ایم این اے مولانا محمد انور نے شرعی نکتہ نگاہ سے بیماریوں اور ان کے علاج کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے وہ صحت مند ہوں گے تو دین کی بہتر خدمت کرسکیں گے۔ کمشنر بنوں نے کہا کہ علماء کرام کو معاشرے میں عزت و تکریم ملتی ہے، لوگ ان کی بات توجہ سے سنتے اور اس پر عمل کرتے ہیں۔ اس سیمینار کا مقصد پولیو بیماری سے متعلق ان کی معلومات میں اضافہ اور ان ہی کے تعاون سے اس موذی مرض کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو سے بچے ہمیشہ کے لئے معذور ہوکر والدین اور معاشرے پر بوجھ بن جاتے ہیں اس لئے علماء کرام والدین کو اس بیماری کی مضر اثرات اور حفاظتی قطروں کی اہمیت سے آگاہ کریں اور آنے والی نسل کو دائمی اپاہج پن اور معذوری سے بچانے میں مدد کریں۔سیمینار سے خطاب کے دوران ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر نے کہا کہ علماء کے بھرپور تعاون کی بدولت 16دسمبر سے شروع ہونے والی پولیو مکاؤ مہم کے دوران ریفیوزل کیسز سامنے نہیں آئیں گے اور ایسے کیسز کی کوریج بھی آسان ہوگی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کہ علماء کرام اور طلبہ کے ذریعے پولیو سے بچوں کو محفوظ رکھنے کا پیغام گھر گھر پہنچے گا اور اس کے مثبت اثرات انسداد پولیو مہم پر ضرور پڑیں گے۔دیگر مقررین میں ڈی ایچ او ڈاکٹر رحیم خٹک اور مفتی عبدالغنی شامل تھے

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...