کراچی قومی ادارہ امراض قلب کے بارہویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح

کراچی قومی ادارہ امراض قلب کے بارہویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اگلے سال جون تک کراچی کے 171 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرے گی، چیسٹ پین یونٹس کا قیام سندھ حکومت کا ایک انقلابی قدم ہے دیگر صوبوں کو بھی ایسے پراجیکٹس شروع کرنے چاہیئے۔ کراچی میں نیشنل ہائی وے منزل پمپ کے مقام پر این آئی سی وی ڈی کے 12 ویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح کردیا گیا، چیسٹ پین یونٹ کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاھ، صوبائی وزیر ہیومن سیٹلمنٹ اینڈ اسپیشل ڈیولوپمنٹ غلام مرتضء بلوچ، رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ، رکن صوبائی اسمبلی راجا رزاق بلوچ، سلیم بلوچ اور این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکیٹوو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے شرکت کی اور ربن کاٹ کر یونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، این آئی سی وی ڈی حکومت سندھ کا انقلابی اقدام ہے جہاں سندھ سمیت پورے پاکستان کے دل کے امراض کے مریضوں کا مفت علاج ہو رہا ہے، ان یونٹس میں ہزاروں لوگوں کی زندگی بچائی جا رہی ہے جو پاکستان پیپلزپارٹی کا بہت بڑا کارنامہ ہے، انکا کہنا تھا کہ اس علاقے میں پیپلزپارٹی نے بہت کام کئے ہیں، جون 2020 تک 171 مختلف پروجیکٹ شروع کریں گے، ایک اور سنگ میل کی طرف بڑھے ہیں، ڈاکٹرندیم قمر کی بڑی خدمات ہیں۔  ڈاکٹر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی میں 12 چیسٹ پین یونٹ ہیں جن میں 3 لاکھ کے قریب مریضوں کو دیکھا گیا ہے جبکہ 7 ہزار سے زائد زندگیاں بچائیں گئیں ہیں، ہم سکھر سے لے کر مٹھی تک کام کر رہے ہیں، سندھ میں ہمارے کل 24 یونٹس ہیں، ڈیڑھ سال میں 24 چیسٹ پین یونٹس میں 3 لاکھ سے زائد دل کے مریضوں کا علاج کیا گیا ہے، چیسٹ پین یونٹ سے ضلع ملیر، قائد آباد، گلشن حدید، گھگھر پھاٹک اور ٹھٹھ، سجاول، بدین اور ملحقہ علاقے کو بھی فائدہ ہوگا، چیسٹ پین یونٹ سے ادارہ امراض قلب پہنچتے پہنچتے دل کی تکلیف میں مبتلا مریض کو قبل از وقت جان بچانے میں مدد مل سکے گی۔

یونٹ افتتاح

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر