کراچی میں بارش، پنجاب، خیبر پختونخوا میں دھند، پہاڑوں پر برفباری 

کراچی میں بارش، پنجاب، خیبر پختونخوا میں دھند، پہاڑوں پر برفباری 

  



لاہور(سٹی رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ موٹروے پر لاہور سے حافظ آباد تک شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ 00میٹر رہ گئی جس کی وجہ سے موٹروے کے اس حصے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا، تاہم بعد ازاں دھند میں کمی کے بعد موٹر وے پر ٹریفک جزوی طور پر بحال کردی گئی۔ اسکے علاوہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی دھند کا راج ہے۔اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موٹر وے پر غیرضروری سفر سے گریز کریں، دھند میں ان ہدایات کا خیال رکھیں،گاڑی کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں، اپنی رفتار کم رکھے تاکہ اچانک بریک لگانے کی صورت میں کم سے کم نقصان کا احتمال ہو، اور سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔موٹروے پولیس ساؤتھ کی موبائل ایپ ہمسفر میں ٹریول ایڈوائزری  جاری کرتے ہوئے موٹر وے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے وہ غیرضروری سفر سے گریز کریں اور سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد ضرور لیں۔ترجمان موٹروے پولیس ساؤتھ زون کے مطابق موبائل فون ایپلیکیشن ہمسفر میں تازہ ترین ٹریول ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔ تر جمان موٹروے کے مطابق سفر شروع کرنے سے قبل اور دوران سفر ایپ کا استعمال مفید ہوسکتا ہے، جبکہ شہری موٹروے پولیس ایف ایم 95 کی نشریات بھی براہ راست سن سکتے ہیں، جس کے ذریعے دھند کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال ہر 15 منٹ بعد نشر کی جارہی ہیں۔ملک کے بیشتر حصوں میں دھند کی وجہ سے پی آئی اے کا اندرون ملک فلائٹ شیڈول بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ لاہور سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 386 منسوخ کر دی گئی ہے، لاہور سے اسلام آباد روانہ ہونے والی پرواز پی کے 652 دو گھنٹے، کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی کی دوطرفہ پروازیں پی کے 302 پانچ اور 303 پونے چار گھنٹے، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 368 دو گھنٹے30 منٹ اور کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 304 ایک گھنٹہ 30 منٹ تاخیر کا شکار ہوگئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔دوسری طرف دیگر شہروں پھولنگر، جمبر، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال اور گردونواح میں بھی دھند کے سبب معمولات زندگی متاثر، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا، قومی شاہراہ پر حد نگاہ 30 میٹر رہ گئی۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک و سرد اور چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان کے اضلاع میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں رات،صبح کے اوقات میں شدیددھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔  اس دوران پنجاب کے بعض علاقوں میں کْہر پڑنیکا بھی امکان ہے۔دوسری جانب شہر قائد میں صبح سے بادلوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں،شہر میں ہونے والی بوندا باندی سے سردی میں اضافہ ہوگیا، کوئٹہ کی جانب سے ہلکی رفتار میں چلنے والی سرد ہواؤں کی وجہ سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بھر شہر کا مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے،شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر گذشتہ روز کشمیر کے اضلاع میں کہیں کہیں جبکہ راولپنڈی، چکوال، جہلم،سیالکوٹ، سوات، ہزارہ، پاراچناراور گلگت بلتستان کے اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔اس دوران مالم جبہ، مری، اسکردو اور بگروٹ میں برفباری بھی ہوئی۔ 

دھند /پروازیں 

مزید : صفحہ اول


loading...