اے پی ایس پشاور کے بچوں کی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی: محمود خان 

اے پی ایس پشاور کے بچوں کی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی: محمود خان 

  



پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی،پاکستان میں قیام امن کی تاریخ میں معصوم بچوں کی قربانی جلی حروف سے لکھی جائے گی، ہم آج بھی غمزدہ خاندانوں کے  غم میں برابر کے شریک ہے اور اس ناقابل تلافی نقصان پر ان کے صبر واستقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 16 دسمبر2014 کو آرمی پبلک سکول پشاور کے دلخراش سانحہ کی پانچویں برسی کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس المیہ کی یاد دلاتا ہے جب انسانیت کے دشمنوں نے ننھے اور معصوم طالب علموں کو ان کے علمی گہوارے کے اندربے دردی سے قتل کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس دلخراش واقعہ کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے کیلئے متحد ہوئے، حکومتی، سیاسی اور عسکری قیادت نے مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان بنایا جو پرامن پاکستان کی طرف درست اور بروقت اقدام ثابت ہوا۔ صوبائی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے سلسلے میں بہترین کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا گواہ ہے کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں قوم کے دیگر سپوتوں کی طرح ہمارے نونہالوں نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن متاثرہ والدین کیلئے نہایت کرب کا دن ہے کیونکہ ان کے جگرگوشے سکول گئے مگر واپس گھر نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت آزمائش کی اس گھڑی میں والدین کے ساتھ ہے، ہم نے ماضی میں بھی ان کی ہر طرح دلجوئی کی اور آئندہ بھی انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ صوبائی حکومت اے پی ایس کے شہداء کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے صبروتحمل اور استقامت کا پہاڑ بن کر اپنے بچوں کی جدائی برداشت کی ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے آرکائیوز لائبریری پشاور میں شہداء سے منسوب یادگار اور تصاویر ہمیں وطن کے ننھے جان نثاروں کی یاد ہمیشہ دلاتی رہیں گی۔

مزید : صفحہ اول


loading...