مقبوضہ کشمیر آنیوالے مہمان پرندوں نے آبی پناہ گاہوں میں ڈیرے جمالیے

مقبوضہ کشمیر آنیوالے مہمان پرندوں نے آبی پناہ گاہوں میں ڈیرے جمالیے

  



سرینگر(آئی این پی) کشمیر کا رخ کرنے والے رنگ برنگے پرند وں نے سرینگر کے مضافات کے علاوہ گاندربل کے شالہ بگ، پانپور کے منی بگ اور کھینسو آبی پناہ گاہوں میں اپنا ڈیر ے جما لیے۔ تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر میں موسم سرما کے آغاز سے ہی ہزاروں لوگ نقل مکانی کرکے گرم ریاستوں کا رخ کرتے ہیں، تاہم شدید سردی کے باعث وادی میں انوکھے مہمانوں کی آمد ہوتی ہے جس سے یہاں کے ماحول میں رونق بڑھ جاتی اور ان کو عام سخن میں مہمان پرندے کہا جاتا ہے۔روس کے سرد ترین علاقہ سابئیریا اور شمالی یورپ سے ہر برس موسم سرما میں کشمیر کی آب گاہوں میں لاکھوں کی تعداد میں یہ مہمان پرندے یہاں کی خوبصورتی کو دوبالاکرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کا توازن بھی برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں یہ مہمان پرندے وادی کی مختلف آب گاہوں میں ستمبر کے مہینے سے ہی آنا شروع کرتے ہیں اور ماہ اپریل میں واپس اپنے مقامات چلے جاتے ہیں۔ساؤتھ ایشین وائرکے مطابق ان مہینوں کے دوران یہ مہمان پرندے آب گاہوں میں قدرتی اناج پر اپنا گزارا کرتے ہیں اور شدید ٹھنڈ کے دوران محکمہ وائلڈ لایف ان کو دھان کا اناج کھلاتاہے۔ سرینگر کے مضافات ہوکر سرآب گاہ کے علاوہ یہ مہمان پرندے گاندبل کے شالہ بگ، پامپور کے منی بگ اور کرپنھچو آبی پناہ گاہوں میں اپنا ڈیرہ جماتے ہیں۔کشمیر کی آبی گاہوں کی وائلڈ لائف وارڈن افشاں دیوا نے بتایا کہ موسم سرما کے آغاز سے ہی کشمیر کی آب گاہوں میں 21 اقسام کے پرندے آتے ہیں جن میں خاص کر بطخ اور گیز شامل ہیں۔ساؤتھ ایشین وائرکے مطابق انہوں نے کہا موجودہ موسم سرما میں ایک نئی قسم بار ہیڈیڈ پرندے جن کی تعداد بتائی جا رہی ہے، پہلی بار جنوبی کشمیر کے پانپور علاقہ کے منی بگ آبگاہ میں دیکھے گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پرندوں کو وادی کی آبگاہوں میں موزوں ماحول ملتا ہے جس کی وجہ سے یہ کشمیر کا رخ کرتے ہیں۔ گرچہ یہ مہمان پرندے کشمیر کا حسن دوبالا کرتے ہیں لیکن ان مہمان پرندوں کو شکاریوں کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ماحولیاتی کارکنان کی جانب سے اکثر شکایتیں کی جاتی ہیں کہ محکمہ وائلڈ لایف ان پرندوں کو شکار ہونے سے بچانے میں ٹھوس اقدمات کرنے میں کوتاہی برت رہی ہے۔تاہم افشان دیوا نے بتایا کہ ان پرندوں کو بچانے کے لیے محکمہ نے آبگاہوں میں انٹی پوچنگ اسکواڈ تعنیات کیے ہیں۔

مزید : عالمی منظر