اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس تعطل کا شکار، مذاکرات کی ناکامی کا خدشہ
میڈرڈ (آئی این پی) اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں مختلف ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہے۔ دو دسمبر سے جاری اس کانفرنس کو جمعے کے روز ختم ہونا تھا، تاہم کسی اتفاق رائے تک نہ پہنچ پانے کی وجہ سے مذاکراتی عمل کو توسیع دے دی گئی تھی۔ گزشتہ چھتیس گھنٹوں سے وقفوں وقفوں سے جاری مذاکراتی عمل میں کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔ مذاکرات کاروں کے درمیان اختلافات اور تقسیم کی وجہ سے COP25 کی ناکامی کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔ اس کانفرنس کا مقصد پیرس میں سن 2015 میں طے پانے والے عالمی ماحولیاتی معاہدے کے تناظر میں ایک متفقہ لائحہ عمل وضع کرنا ہے۔