لاہورہائیکورٹ،سٹیزن پورٹل کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہورہائیکورٹ،سٹیزن پورٹل کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہورہائیکورٹ،سٹیزن پورٹل کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہورہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے سٹیزن پورٹل کے قیام کےخلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کے سٹیزن پورٹل کے قیام کےخلاف دائر درخواست پر سماعت کی گئی۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور عدالت پیش ہوئے، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ڈاکٹر رانا فاروق کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ سٹیزن پورٹل پر آنے والی شکایات پر قانونی تقاضے پورے کرکے کارروائی کی جاتی ہے، درخواست بے بنیاد ہے مسترد کی جائے۔درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ سٹیزن پورٹل پر شکایت موصول ہوتے ہی یک طرفہ کارروائی کی جاتی ہے اور اس سے قبل متعلقہ سرکاری افسر یا ملازم کا موقف تک نہیں سنا جاتا۔ آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت ہرشہری کو شفاف ٹرائل کاحق حاصل ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ سٹیزن پورٹل کی یکطرفہ کارروائیوں کو کالعدم قرار دیا جائے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ سٹیزن پورٹل کے پاس شکایت کنندگان کی شناخت ہے،14 لاکھ 57 ہزار 938 شکایات موصول ہوئیں،12 لاکھ 90 ہزار 950 شکایات حل کی گئیں،41 فیصد لوگوں نے اطمینان کا اظہارکیا۔جسٹس مظاہر علی نے کہا کہ سٹیزن پورٹل نے توعدالتوں سے بھی زیادہ کارکردگی دکھائی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ بغیرنام اورشناخت کے درخواست وصول نہیں کی جاتی۔عدالت نے پورٹل کی جانب سے شکایات پر بغیر تصدیق کارروائی روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزید : قومی /علاقائی /پنجاب /لاہور