عابد علی نے سنچری بنانے کے بعد ’مخصوص اشارہ‘ کیوں کیا تھا؟ خود ہی ایسا انکشاف کر دیا کہ مداح بھی خوش ہو جائیں
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز عابد علی سری لنکا کیخلاف ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں سنچری بنا کر اپنے پہلے ون ڈے اور ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بلے باز بن گئے ہیں۔
انہوں نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ میچ میں عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے سنچری مکمل کی اور پھر جشن مناتے ہوئے ہاتھوں سے کچھ ایسا اشارہ کیا جیسے وہ کسی بچے کو جھولا جھلا رہے ہیں جس پر ہر کوئی یہ جاننا چاہتا ہے کہ آخر انہوں نے ایسا کیوں کیا۔
عابد علی نے خود ہی اس سوال کا جواب دیدیا جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ اشارہ اپنی بیٹی کیلئے کیا تھا اور اس کا مطلب ہے کہ انہوں نے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں بنائی گئی سنچری بھی اپنی بیٹی کے نام کر دی ہے۔
اس موقع پر ان سے سوال پوچھا گیا کہ ماضی میں جب کوئی پاکستانی سنچری بناتا تھا تو اسے ڈان بریڈمین یا ویوین رچرڈز کیساتھ ملا دیا جاتا ہے تو کیا آپ ذہنی طور پر اتنے مضبوط ہیں کہ مستقبل میں اس کارکردگی کو برقرار رکھ سکیں؟
عابد علی نے جواب دیا کہ ڈان بریڈ مین اور ویوین رچرڈز بہت بڑے کھلاڑی ہیں اور میں عام سا کھلاڑی ہوں، مجھے ان کیساتھ نہ ملائیں کیونکہ میں عابد علی ہوں اور مجھے عابد علی ہی رہنے دیں، میں کوشش کرتا رہوں گا کہ پاکستان کیلئے جتنا بھی کھیلوں، اچھی سے اچھی کارکردگی دکھاﺅں۔