معروف چائلڈ سٹار 14 سال کی عمر میں پر اسرار طور پر ہلاک، پولیس کا موقف بھی آگیا
ایڈنبرگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) سکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے 14 سالہ چائلڈ سٹار جیک برنس پر اسرار طور پر ہلاک ہوگئے۔ ان کی موت یکم دسمبر کو ہوئی تھی تاہم گھر والوں نے یہ بات چھپائے رکھی، پولیس نے تحقیقات کے بعد کہا ہے کہ چائلڈ سٹار کی موت میں قتل کا کوئی شبہ نہیں ہے ۔
جیک برنس بطور ڈانسر ، ماڈل اور اداکار چھوٹی سی عمر میں ہی اپنی منفرد شناخت قائم کرچکے تھے، وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ گرینوک سکاٹ لینڈ میں رہائش پذیر تھے۔ جیک نے 2014 میں معروف ٹی وی شو آﺅٹ لینڈر میں بھی شرکت کی تھی جس میں ان کے بڑے بھائی روری برنس بھی کام کر رہے تھے۔ وہ 9 سال کی عمر سے بیلے ڈانس کر رہے تھے اور کئی ماڈلنگ اور ایکٹنگ پراجیکٹس بھی کرچکے تھے۔
یکم دسمبر کو جیک برنس کے گھر والوں نے انہیں اپنے کمرے میں غیر حالت میں پایا تو انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ جیک برنس کے گھر والوں نے ان کی موت کو میڈیا سے چھپائے رکھا تاہم پولیس کے علم میں یہ معاملہ اسی وقت آگیا تھا۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہیں یکم دسمبر کو شام ساڑھے 3 بجے ایک 14 سالہ لڑکے کی موت کی اطلاع ملی تھی جس پر تحقیقات شروع کی گئیں جن کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، پولیس سمجھتی ہے کہ یہ ایک طبعی موت ہے اور اس میں قتل کا کوئی شبہ نہیں ہے۔ پولیس نے جیک برنس کی اچانک موت کے حوالے سے اپنی رپورٹ جمع کرادی ہے۔