”نیٹ پریکٹس کے دوران ساتھی کھلاڑی، مصباح اور وقار بھائی مجھے کہہ رہے تھے کہ۔۔۔“ عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے عابد علی نے دلچسپ انکشاف کر دیا
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز عابد علی نے انکشاف کیا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ سے قبل نیٹ پریکٹس کے ساتھ ساتھی کھلاڑی، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باﺅلنگ کوچ وقار یونس انہیں لیجنڈ کہہ کر مخاطب کرتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کیخلاف ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں سنچری بنا کر منفرد عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے عابد علی نے کہا کہ ”میری سنچری ڈومیسٹک کرکٹ اور سخت محنت کا نتیجہ ہے۔ میں نے ڈیبیو ٹیسٹ کھیلتے ہوئے اپنے ماضی کو یاد کیا اور اس خواب کے بارے میں سوچا جس کے باعث کرکٹ کھیلنا شروع کی، ڈیبیو میچ میں سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کرنا میرے لئے بہت بڑی بات ہے۔“
انہوں نے کہا کہ ”نیٹ پریکٹس کے دوران ساتھی کھلاڑی مجھے لیجنڈ کہہ کر بلا رہے تھے جبکہ مصباح اور وقار بھائی نے بھی یہی الفاظ استعمال کئے۔ میں دعا کر رہا تھا کہ یہ سب جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ سچ ثابت ہو جائے۔ میں نے ابھی تک کوئی ریکارڈ توڑنے کے بارے میں نہیں سوچا بلکہ میں صرف اپنی کارکردگی پر توجہ دے رہا ہوں۔“