بنگالیوں کی طرح سرائیکیوں کو بھی نظر انداز کیا جارہا ہے‘ ظہور دھریجہ 

بنگالیوں کی طرح سرائیکیوں کو بھی نظر انداز کیا جارہا ہے‘ ظہور دھریجہ 

  

ملتان (سٹی رپورٹر) سرائیکستان قومی کونسل کے صدر ظہور دھریجہ نے کہا ہے کہ 16 دسمبر سقوط ڈھاکہ سے سبق حاصل نہیں کیا گیا۔ بنگالیوں کی طرح سرائیکیوں کو بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ معروف سرائیکی شاعر جسارت خیالی اور صابر انصاری کی قیادت میں (بقیہ نمبر21صفحہ 6پر)

ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 19 دسمبر کو حکومت ریشم دلان کانفرنس ملتان میں منعقد کر رہی ہے مگر حقیقی معنوں میں ادبی کام کرنے والی سرائیکی تنظیموں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ جس کے خلاف وسیب کے لوگ سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی رویہ ہے جو کہ مشرقی پاکستان میں بنگالیوں کے ساتھ روا رکھا گیا۔ ظہور دھریجہ نے کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ 16 دسمبر 2014ء کو آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد فوج نے دہشت گردی پر بہت حد تک قابو پا لیا ہے۔ مشرقی پاکستان کے سانحے پر گفتگو کرتے ہوئے ظہور دھریجہ نے کہا کہ  علیحدگی کے ہزاروں اسباب کی لب کشائی کے باوجود ابھی ہزاروں عوامل ایسے ہیں جن پر مصلحتوں کی گرد جمی ہوئی ہے اس خوف سے اس پر بات نہیں کی جا رہی کہ لوگ باخبر نہ ہوجائیں کیونکہ جو سلوک مشرقی پاکستان میں بنگالیوں کے ساتھ کیا جارہا تھا اس سے ملتا جلتا اور بعض حالات میں اس سے بھی زیادہ برا سلوک بقیہ پاکستان کی مظلوم قوموں خصوصاً وسیب کے ساتھ آج بھی ہورہاہے مگر آج کے بڑی حقیقتوں کو پوشیدہ رکھنا حماقت کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ محب وطن لوگوں کا خیال ہے کہ ایسے عوام کی نشاندہی نہ کر کے وسیب کے عوامی نمائندوں نے بھی بے انصافی کی اور آج کے محب وطن لکھاری ایسی حقیقتوں سے نہ صرف نظر کر کے اہم قومی فرض سے پہلو تہی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوری لحاظ سے بنگالی بھائی 52فیصد حصے کے وہ حقدار تھے‘ مگر ان کے دار الحکومت‘ حکومت اور ملازمتوں وغیرہ میں سے آٹے میں نمک برابر بھی حصہ نہ دیا گیا‘ ان کی قدم قدم پر توہین کی گئی‘ ان کی زبان وثقافت پر کیچڑ اچھالی گئی‘ انہوں نے کہا کہ اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر اُس وقت صوبوں کی آبادی کو متوازن کرنا ضروری تھا تو اب ساٹھ فیصد آبادی کا ایک صوبہ اور چالیس فیصد آبادی کے تین صوبے کیسے درست ہیں؟ اب پیریٹی کا اصول کہاں گیا؟

ظہور دھریجہ

مزید :

ملتان صفحہ آخر -