ملتان،خانیوال(خصوصی رپورٹر،نامہ نگار،نمائندہ پاکستان) پی پی 206کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کے کیمپ آفس میں ووٹرز کومبینہ طور پر پیسے دیکر خریدنے کی خبر سن کر مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما ء ساتھیو ں کے ہمراہ پیپلزپارٹی کے کیمپ آفس میں پہنچ گئے اور رقم وصول کرنیوالی خواتین کا ویڈیو بیان لیتے رہے۔پیپلزپارٹی کے امیدوار میر واثق،مرکزی رہنما علی موسیٰ گیلانی درجنوں کارکنوں کیساتھ تھانہ سٹی پہنچ گئے اور ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری سمیت (ن)لیگ کے60کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کرادیا،لیگی رہنماؤں کی ہائیکورٹ ملتان بنچ سے عبوری ضمانتیں حاصل کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار میر واثق کی جانب سے پیسے دیکر ووٹ خریدنے کی خبر پر گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے نوٹس لیکر امیدوار کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تویہ خبر سن کر (ن)لیگ کے مرکزی ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری عطا ء تارڑ اپنے کارکنوں کے ہمراہ رقم وصول کرنے والی خواتین کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کیلئے پی پی امیدوار کے کیمپ آفس پہنچ گئے اور چند افراد کو جن میں خواتین بھی شامل تھیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور ان کے ویڈیو بیان بھی حاصل کئے۔پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو یہ بات ناگوار گزری توانہوں نے تھانہ سٹی میں لیگی رہنماؤں کی جانب سے پی پی امیدوار کے آفس پر حملہ قرار دیکر رات کے آخری پہر مقدمہ درج کروا دیا پولیس رات بھر لیگی رہنماؤں کے گھروں پر ریڈ کرتی رہی گزشتہ صبح 60سے زائد لیگی رہنماؤں جن میں عطاء تارڑ،چوہدری وحید آرائیں سابق پی ایم اے ملتان، شہزاد مقبول بھٹہ سابق ایم پی اے ملتان، عبدالغفار ڈوگر سابق ایم این اے ملتان، سعد کانجو، قیصر سمیت دیگر نے لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ سے اپنی عبوری ضمانتیں کروا لیں۔
لیگی رہنما، مقدمہ