فردوس مارکیٹ کے علاقے میں شراب کے نشے میں دھت اوباشوں کا لڑکیوں پر تشدد،  2 ملزم گرفتار ، سفارشیوں نے تھانے میں ڈیرے ڈال لیے 

Dec 16, 2021 | 02:45 PM

لاہور (غلام نبی سنی ) چوکی فردوس مارکیٹ کے علاقے میں شراب کے نشے میں دھت اوباشوں نے لڑکیوں کو چھیڑنا شروع کردیا ، منع کرنے پر بدترین تشدد کا نشانہ بنا یا اور ایک لڑکی کو اغواء کرنے کی بھی کوشش کی ، پولیس  نے مضروبہ کو ہسپتال منتقل کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جس کی رہائی کے لیے سفارشیوں نے تھانے میں ڈیرے ڈال لیے، بتایا گیا ہے کہ لبرٹی میں کراچی سلور سپون کا مالک طارق ملزموں کی پشت پناہی کرتا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق " ا" نامی لڑکی اپنی سہیلی کے ہمراہ سموسے خریدنے مارکیٹ گئی تو ملک ریحان ، ملک حمزہ ، گٹو اور ایک نامعلوم ملزم نے ان سے چھیڑ خانی شروع کر دی، لڑکیوں نے اوباشوں کو ڈانٹا تو شراب کے نشے میں دھت اوباشوں نے دونوں کو  بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، نشے میں دھت ایک ملزم ریحان نے اپنی گاڑی میں ہاکی نکال کر لڑکیوں کو بری طرح پیٹا  جس سے ایک لڑکی "ا" شدید زخمی ہوگئے اور ملزمان نے اسے   زبردستی اٹھا کر گاڑی میں اغوا کرنے کی کوشش  بھی کی لیکن موقع پر موجود لوگوں نے ملزموں سے چھڑایا ۔

پولیس نے متاثرین میں سے ایک لڑکی کے منگیتر کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔عینی شاہدین کا کہنا تھاکہ  باقی ملزم موقع سے دھمکیاں اور للکارے مارتے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم تھانہ نصیر آباد  پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی  لڑکی اور اس کی سہیلی کو ہسپتال منتقل کرتے ہوئے ایک ملزم حمزہ کو گرفتار کر لیا،  بعدازاں  ایس پی ماڈل ٹاؤن صاعد عزیز نے نوٹس لیا اور پولیس مزید ایک ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی جس کی شناخت وارث کے نام سے ظاہر کی گئی  جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں  ۔ ذرائع نے بتایا کہ اوباش ملزموں کے خلاف پولیس کو کارروائی سے روکنے کے لئے سفارشیوں  نے  تھانے میں ڈیرے ڈال لیے ہیں اور اہل محلہ کا کہنا ہے کہ ملزموں کا شراب پی کر غل غپاڑہ کرنا اور مار پیٹ روز کا معمول ہے ، ملزموں کا سرپرست طارق (کراچی سلور سپون پراٹھا رول والا)پولیس سے تعلقات کی وجہ سے ہر بار اپنے بھانجوں کو بچا لیتا ہے ۔

ادھر پولیس نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرتے ہوئے عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کر لئے  جبکہ دوسری طرف سفارشیوں نے عادی ملزموں کو بچانے کے لئے بھاگ دوڑ شروع کر دی  جبکہ اہل محلہ نے اعلی پولیس افسران سے ملزموں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی اپیل کی ہے۔ 

مزیدخبریں