کیا واقعی فیس بک آپ کے فون کے مائیک سے آپ کی باتیں سن سکتا ہے اور کیا میسجز بھی پڑھ سکتا ہے؟ تہلکہ خیز دعویٰ
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) قبل ازیں کچھ صارفین کی طرف سے یہ تہلکہ دعویٰ کیا جا چکا ہے کہ فیس بک مائیک کے ذریعے لوگوں کی گفتگو سنتا ہے اور اس کے لحاظ سے انہیں اشتہارات دکھاتا ہے۔ ایک خاتون نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ اپنی سہیلی کے ساتھ چھٹیوں پر جانے کے حوالے سے بات چیت کر رہی تھی۔ اس دوران اس کا فون پاس میز پر پڑا ہوا تھا اور جب اس نے اس گفتگو کے چند گھنٹے بعد فیس بک کھولی تو اسے ہوٹلوں، فضائی ٹکٹس اور دیگر ایسی چیزوں کے اشتہارات نظر آنے شروع ہو گئے جن کا سیروتفریح سے تعلق تھا۔ اب ایک خاتون صارف نے ٹیکسٹ میسجز کے متعلق بھی ایسا ہی خوفزدہ کر دینے والا دعویٰ کر دیا ہے۔
دی سن کے مطابق اس لڑکی نے بتایا ہے کہ فیس بک اس کے فون میں موجود ٹیکسٹ میسجز پڑھتا ہے اور ان کے لحاظ سے اسے اشتہارات دکھاتا ہے اور لڑکی کا کہنا ہے کہ اس کے پاس اس بات کا ثبوت موجود ہے۔
لیلا نامی یہ لڑکی نے اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہتی ہے کہ ”سن رکھا تھا کہ فیس بک ہمارے فونز کے مائیک کے ذریعے ہماری گفتگو سنتا ہے اور اب میں آ پ کو بتارہی ہوں کہ فیس بک ہمارے ٹیکسٹ میسجز بھی پڑھتا ہے۔ آج صبح میں نے اپنے والد کو میسج کیا کہ میں ڈی سی میں انٹرن شپ کے لیے اپلائی کرنے جا رہی ہوں، کیا آپ سی وی تیار کرنے میں میری مدد کریں گے۔ والد کے ساتھ میری اس چیٹنگ کے کچھ دیر بعد میں نے فیس بک کھولی تو ایک سی وی کمپنی کا اشتہار نظر آ گیا۔
لیلا کا کہنا تھا کہ ”میں نے آن لائن کبھی بھی اس موضوع کے متعلق نہ کبھی سرچ کیا اور نہ ہی کبھی سوشل میڈیا پر اس حوالے سے میری کوئی سرگرمی رہی۔ میں نے اپنے فون کے پاس اس موضوع پر کوئی بات بھی نہیں کی تھی۔ صرف اپنے والد سے ٹیکسٹ میسجز میں کچھ بات کی اور مجھے اس سے متعلقہ اشتہارات نظر آنے شروع ہو گئے، جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ فیس بک ہمارے ٹیکسٹ میسجز بھی پڑھتا ہے۔“