پی پی 206 ضمنی الیکشن، ن لیگ کے رانا سلیم کامیاب، عام انتخابات میں انہوں نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کتنے ووٹ لیے تھے؟
خانیوال (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 206 خانیوال کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن نے ایک بار پھر میدان مار لیا ہے۔غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا محمد سلیم 47 ہزار 649 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کی نورین نشاط ڈاہا 34 ہزار 30 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔
یہ نشست مسلم لیگ ن کے ناراض رکن نشاط احمد خان ڈاہا کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ انہوں نے 2018 کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر 51 ہزار 353 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔ ضمنی الیکشن میں ان کی بیوہ نے تحریک انصاف کی ٹکٹ پر انتخاب میں حصہ لیا۔
دوسری جانب ضمنی الیکشن میں فاتح قرار پانے والے مسلم لیگ ن کے رانا محمد سلیم 2018 کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔ عام انتخابات میں وہ 47 ہزار 807 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔