پرواز مؤخر ، 13اجنبی مسافروں نے مل کر ٹیکسی کرائی اور بذریعہ سڑک منزل پر پہنچ گئے

پرواز مؤخر ، 13اجنبی مسافروں نے مل کر ٹیکسی کرائی اور بذریعہ سڑک منزل پر پہنچ ...
پرواز مؤخر ، 13اجنبی مسافروں نے مل کر ٹیکسی کرائی اور بذریعہ سڑک منزل پر پہنچ گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) پرواز منسوخ ہو جانے کے بعد مسافروں کے پاس انتظار کرنے یا گھر واپس چلے جانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا مگر امریکہ میں گزشتہ دنوں 13اجنبی مسافروں نے پرواز منسوخ ہونے پر ایسا کام کر ڈالا کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ لوگ امریکی ریاست ٹینسی کے شہر نوکس ول کے ایئرپورٹ پر تھے جہاں سے انہیں فرنٹیئر ایئرلائنز کی پرواز 1222میں سوار ہونا تھا۔
عین وقت پر اس پرواز کے منسوخ ہونے کا اعلان کر دیا گیا۔ ان لوگوں کو 1ہزار 50کلومیٹر دور ریاست اورلینڈو جانا تھا۔ مسافروں میں شامل 23سالہ الانا سٹوری نامی لڑکی نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ کے ذریعے بتایا کہ پرواز منسوخ ہونے پر تمام لوگ پریشان ہو گئے تاہم ایک شخص نے کہا کہ کیوں نہ ہم سب مل کر ایک وین حاصل کریں اور زمینی راستے سے اورلینڈو چلے جائیں۔
الانا سٹوری کے مطابق تمام مسافروں نے اس شخص سے اتفاق کیا اور کہا کہ یہ ایک پرلطف تجربہ رہے گا۔اس کے سوا ہمارے پاس کوئی چارہ بھی نہیں تھا کیونکہ اورلینڈو کے لیے اگلی پرواز 48گھنٹے بعد روانہ ہونی تھی۔ چنانچہ ہم نے ایک وین حاصل کی جس میں 15مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔ ہم 13لوگ اس وین میں بیٹھ گئے اور تمام رات سفر کرکے اورلینڈو پہنچ گئے۔
الانا کا کہنا تھا کہ ”ہم نے یہ وین ’ہرٹز‘ سے کرائے پر حاصل کی تھی اور فی مسافر 60ڈالر کرایہ بنا، جو ہوائی جہاز کے ٹکٹ سے کہیں کم تھا۔ یہ سفر ہمارے لیے واقعی ایک خوشگوار ترین سفر رہا۔ میں اپنے فیملی کے ساتھ چھٹیاں منا کر واپس جا رہی تھی۔ اتنا ہم چھٹیوں کے دوران لطف اندوز نہ ہوئے تھے جتنا اس سفر کے دوران ہوئے۔“