بھارت واپس جانے والی انجو نے پہلے شوہر سے طلاق کو افواہ قرار دے دیالیکن اب اگلا قدم کیا ہوگا؟ 

بھارت واپس جانے والی انجو نے پہلے شوہر سے طلاق کو افواہ قرار دے دیالیکن اب ...
بھارت واپس جانے والی انجو نے پہلے شوہر سے طلاق کو افواہ قرار دے دیالیکن اب اگلا قدم کیا ہوگا؟ 
سورس: File Photo

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) لگ بھگ پانچ ماہ قبل اپنے شوہر اور دو بچوں کو چھوڑ کر پاکستان آنے اور اسلام قبول کرکے پاکستانی نوجوان نصراللہ کے ساتھ شادی کرنے والی انجو نامی بھارتی لڑکی بالآخر بھارت واپس چلی گئی ہے اور بھارت میں یہ خبر گرم تھی کہ وہ اپنے پہلے شوہر سے طلاق لینے کے لیے بھارت آئی ہے، تاہم اب انجو نے اس خبر کو افواہ قرار دے دیا ہے۔ ہندی نیوز ویب سائٹ ’لائیو ہندوستان ڈاٹ کام‘ کے مطابق انجو کا تعلق بھارتی ریاست راجستھان سے تھا اور وہ ایک 15سالہ بیٹی اور 8سالہ بیٹے کی ماں تھی، جب اس کی ملاقات سوشل میڈیا کے ذریعے خیبرپختونخوا کے علاقے دیر کے رہائشی نصراللہ کے ساتھ ہوئی۔
انجو اور نصر اللہ ایک دوسرے سے محبت کرنے لگے اور کئی ماہ کے جتن کے بعد انجو پاکستان کا ویزہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی اور اپنی فیملی کو بتائے بغیر واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان چلی آئی۔ اس کی فیملی کو اس کے پاکستان آنے کی خبر سوشل میڈیا کے ذریعے ملی۔ انجو کے چند ہفتے قبل بھارت واپس جانے پر نصراللہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں سے بہت اداس ہو گئی تھی اور ان سے ملنے واپس بھارت گئی ہے۔ اس کے علاوہ وہ بھارت میں اپنے پہلے شوہر سے طلاق لینے کے لیے عدالت سے بھی رجوع کرے گی۔
بھارت میں ایک یوٹیوب چینل سے گفتگو کے دوران انجو سے پوچھا گیا کہ ”کیا وہ اپنے پہلے شوہر اروند کو طلاق دے رہی ہے اور اس کے لیے وہ اپنے وکیل سے بات چیت کر رہی ہے؟“ اس پر انجو نے کہا کہ ”یہ سب افواہ ہے۔ میں نے طلاق کے لیے کوئی بھی عرضی نہیں دی ہے۔ فی الحال میں ایسا نہیں کرنے جا رہی ہوں۔ اس بارے میں سوچ کر فیصلہ لوں گی۔“ انجو کے وکیل جے ایس سروہا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ”طلاق کے بارے میں کوئی بھی جانکاری ابھی تک میرے پاس نہیں آئی ہے۔“ 
یوٹیوب چینل کی طرف سے انجو سے یہ بھی پوچھا گیا کہ ”کیا وہ اپنے پاکستانی شوہر نصراللہ کے بچے کی ماں بننے والی ہے؟“ انجو نے اس بات کو بھی افواہ قرار دیا۔ اس نے بتایا کہ وہ اپنے پہلے شوہر اروند اور اپنے بچوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ وہ ان سے فون پر بات چیت بھی کر رہی ہے۔ انجو سے ملنے اس کی بیٹی اس کے پاس بھی گئی تھی۔ انجو نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد ہی نصراللہ کو بھارت بلا سکتی ہے۔ ایسے میں لوگوں کے من میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ آخر انجو کا اگلا قدم کیا ہو گا؟ وہ کیا پلان بنا رہی ہے؟