شہاب ثاقب کے ٹکڑوں کی صفائی کیلئے روس میں ہزاروں افراد پر مشتمل ٹیم روانہ
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) یورل کے پہاڑوں پر شہاب ثاقب کے ٹکڑے گرنے کے بعد روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے صفائی اور بچاﺅ کیلئے بیس ہزار افراد پر مشتمل ٹیم روانہ کردی ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وسطی روس میں جمعہ کو شہاب ثاقب کے ٹکڑے گرنے سے بچوں سمیت ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ روس کے ایمرجنسی امور کے وزیر کے مطابق شہاب ثاقب کے ٹکڑے گرنے کے بعد علاقے میں تابکاری کی مقدار نارمل ہے ، بیشتر زخمیوں کو معمولی خراشیں آئی ہیں تاہم بعض کے سر میں بھی چوٹیں ہیں ۔روسی سائنس اکیڈمی کے مطابق شہاب ثاقب زمین سے تیس کلومیٹر سے زائد کے فاصلے پر ٹوٹ جانے سے کئی کلو ٹن توانائی خارج ہوئی جو ایک چھوٹے بم کے برابر تھی اور اگر یہ زمین سے ٹکراجاتی تو بڑی تباہی ہوسکتی تھی۔ رپورٹ کے مطابق تانبے کی طرح کے ٹکڑے گرنے کامنظر سینکڑوں کلومیٹر دور سے دیکھاجاسکتاتھا۔
