ہرجانہ کیس،عمران خان نے بخت بیدار کی کرپشن کے شواہد جمع کرادیئے

ہرجانہ کیس،عمران خان نے بخت بیدار کی کرپشن کے شواہد جمع کرادیئے

پشاور(آئی این پی ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے وکیل کے توسط سے ہرجانہ کیس میں سابق صوبائی وزیر بخت بیدار خان کی کرپشن کے دستاویزی شواہد عدالت میں جمع کرادیئے۔ہفتہ کو ایڈیشنل سیشن کورٹ پشاور میں قومی وطن پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی بیدار بخت خان کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کے دعوے کی سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکیل نے بخت بیدار کی کرپشن کے دستاویزی شواہد عدالت میں جمع کرائے تو سابق صوبائی وزیر نے عدالت سے شواہد کی کاپیاں مانگ لیں، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ بخت بیدار نے کرپشن کا الزام لگانے پرعمران خان کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے اور ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔گزشتہ سماعت میں عمران خان کے وکیل کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ بخت بیدار نے مختلف سرکاری اداروں میں 110 غیر قانونی بھرتیاں کیں اور سرکاری گاڑی کے لئے ایندھن اور مرمت کی مد میں ساڑھے 7 لاکھ روپے نکلوائے حالانکہ وہ گاڑی ان کے بھائی کے زیر استعمال تھی۔

ہرجانہ کیس

مزید : صفحہ آخر