اساتذہ کی بڑھتی بے چینیوں کے پیش نظرپنجاب ٹیچرزیونین کا اجلاس 19فروری کو طلب

اساتذہ کی بڑھتی بے چینیوں کے پیش نظرپنجاب ٹیچرزیونین کا اجلاس 19فروری کو طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) اساتذہ کی بڑھتی ہوئی بے چینیوں کے پیش نظر پنجاب ٹیچرزیونین کے مرکزی صدر اللہ بخش قیصر نے مجلس عاملہ پنجاب ٹیچرز یونین کا اجلاس 19فروری بوقت دس بجے جھنگ میں طلب کرلیا ہے جس میں حکومت کی طرف اساتذہ کو دی جانے والی سزائیں،پیف کے حوالے کئے جانیوالے مدارس، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے قیام ، محکمہ تعلیم کی اساتذہ کی چھٹیوں کی بندش اور نجکاری سمیت گھمبیر لاقانونی مسائل پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کا ایجنڈا زیربحث لایا جائے گا۔ اللہ بخش قیصر کا کہنا تھا کہ حکومت روز بروز قانون کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے اساتذہ کرام کی ملازمتوں کے درکنار زندگی اجیرن کررکھی ہے۔

اساتذہ تنظیموں پر لازم ہوگیا ہے ۔ کہ وہ ظلم و بربریت اور استحصالی نظام کے خلاف متحد ہو کر پنجاب بھر میں احتجاج کرتے ہوئے اپنے حقوق کی خاطر اپنا کردار ادا کریں ۔

بصورت دیگر حکومت نے جو ریاستی دہشت گردی پھیلا رکھی ہے اس سے نظام تعلیم کی بنیادیں کھوکھلی کی جارہی ہیں اور محکمے کو نجکاری کی طرف لے جارہا ہے ۔ اس موقع پر چوہدری تاج حیدر ، اللہ رکھا گجر ، منیر چغتائی اور ڈاکٹر ارشد بھی موجود تھے ۔ سب قائدین کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے پھیلائی جانیوالی لاقانونیت اور ناجائز اختیارات کے خلاف آہنی دیوار بن کر مقابلہ کیا جائے گا۔ اور اساتذہ کے حقوق کا دفاع کرنے کیلئے ہمیں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے پڑے تو بھی گریز نہیں کریں گے ۔ اور جھنگ کی دھرتی سے احتجاجی تحریک کا آغاز کرتے ہوئے پنجاب بھر میں اساتذہ کو جگانئیں اور اس کے بعد لاہور میں بہت بڑی ریلی نکالی جائے گی بعد ازاں وزیر اعلی ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے ۔ گا۔