چین کے 20رکنی وفد کا لاہور چیمبر کا دورہ

چین کے 20رکنی وفد کا لاہور چیمبر کا دورہ

لاہور (کامرس رپورٹر) چین کے 20رکنی وفد نے لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر محمد ناصر حمید خان اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان کے بائیوٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، زراعت، توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں گہری دلچسپی رکھتے اور مشترکہ منصوبہ سازی کے خواہشمند ہیں۔ وفد کے سربراہ ڈنگ جیہائی ، لاہور چیمبر کے قائم مقام صدرمحمد ناصر حمید خان، سابق نائب صدور میاں ابوذر شاد، سعیدہ نذر، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں زاہد جاوید، میاں عبدالرزاق، میاں محمد نواز، خامس سعید بٹ، معظم رشید، ناصرہ تسکین، سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن خواجہ خاور رشید، ڈائریکٹر پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ سہیل سلیم اور ڈائریکٹر جنرل مدثر ٹیپو بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اس موقع پر بی ٹو بی میٹنگز بھی ہوئیں۔ ناصر حمید خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان بی ٹو بی میٹنگز بڑے مفید نتائج کی حامل ہونگی اور اس سے دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین سے تجارتی وفود کی مسلسل آمد عکاس ہے کہ چینی نجی شعبہ پاکستان کے ساتھ کاروبار میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کو وہیکل مینوفیکچرنگ، توانائی، تعمیرات، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، بائیوٹیکنالوجی ، پیکیجنگ، پرنٹنگ اور فشری ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے انتھک کوشش کررہا ہے ، پنجاب حکومت وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر اس سلسلے میں بہت سے اقدامات اٹھارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام شعبہ ہائے معیشت مواقعوں سے بھرپور ہیں جن سے چینی سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وفد کے سربراہ نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات مزید وسعت اختیار کریں گے۔

مزید : کامرس