دشمنی نے کچھ نہیں دیا،دونوں ملکوں کو مذاکرات پر آنا ہوگا،سدھندرا کلکرنی

دشمنی نے کچھ نہیں دیا،دونوں ملکوں کو مذاکرات پر آنا ہوگا،سدھندرا کلکرنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار ساؤتھ ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام ’’پاک۔ بھارت تعلقات: چیلنجز اور امکانات‘‘ کے موضوع پرسنٹر کے آڈیٹوریم میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر، چیئرمین آبزرورریسرچ فاؤنڈیشن (او آر ایف) ممبئی ، انڈیا سے سدھندرا کلکرنی ، ڈائریکٹر سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید ، فیکلٹی ممبران ، ایم فل /پی ایچ ڈی سکالر ز اور طلباؤطالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود اس خطے میں غربت سب سے زیادہ ہے اور اس کا شمار دنیا کے غریب ترین خطوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی کیلئے امن ضروری ہے جوباہمی بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت اپنے تمام مسائل صرف بات چیت کے ذریعے سے ہی حل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے وقت کی ضرورت کے مطابق ڈاکٹر عنبرین جاویدکی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی ۔اپنے خطاب میں سدھندرا کلکرنی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی جیسا خوبصورت کیمپس پورے ہندوستان میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو دشمنی نے کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا علیحدہ ہونا کوئی المیہ نہیں بلکہ اس کا بٹوارہ کیسے ہوا یہ المیہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے جنگ اور تشدد کی پالیسیاں چھوڑ کر بات چیت کا رستہ اپنا نا ہوگا۔ ڈاکٹر عنبرین جاوید نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر اور سدھندرا کلکرنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سنٹر کی تاریخ اور سرگرمیوں بارے تفصیلی بتایا۔