انجمن تاجران اُردو بازار کے زیر اہتمام شہدا مال روڈ کیلئے فاتحہ خوانی

انجمن تاجران اُردو بازار کے زیر اہتمام شہدا مال روڈ کیلئے فاتحہ خوانی

لاہور (کامرس رپورٹر) انجمن تاجران اُردو بازار کے زیر اہتمام صدر خالد پرویز کی قیادت میں تاجران کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں سانحہ چیئرنگ کراس میں شہید ہونے والے پولیس افسران اور تاجران کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دُعا کی گئی۔ اس موقع پر صدر خالد پرویز نے کہا پنجاب پولیس کی تاریخ شہادتوں سے دمک رہی ہے پولیس نے اپنے فرائض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کی پروا نہیں کی اور دہشت گردی کے خلاف پوری طرح تن کر کھڑی ہے اور اس جنگ میں تاجر اور عوام پوری طرح پولیس اور افواجِ پاکستان کے ساتھ ہے اور اس کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

یہ بم دھماکے اور خودکش حملے ہمارے حوصلے پسپا نہیں کرسکتے۔ ایسے واقعات سے قوم خوفزدہ نہیں ہے بلکہ اس کے خلاف جنگ کرنے اور اسے نیست ونابود کرنے کے لیے ہر طرح سے انتظامی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔تعزیتی اجلاس میں جن نمایاں تاجروں نے شرکت کی ان میں سید صدیق شاہ، امتیاز علی‘ چوہدری خالد، ملک محمد علی، سید اختر علی، اورنگزیب خان، محمد صدیق، محمد اعظم بٹ، گلفراز احمد، شبیر احمد اور دیگر شامل ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4