قابض انتظامیہ مسرت عالم بٹ کی نظربندی کو طول دینے کیلئے بہانے تلاش کررہی ہے،مسلم لیگ

قابض انتظامیہ مسرت عالم بٹ کی نظربندی کو طول دینے کیلئے بہانے تلاش کررہی ...

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند سینئر رہنماء اور مسلم لیگ جموں وکشمیر کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو بارہمولہ سب جیل سے ضلع بانڈی پورہ میں سمبل پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق مسلم لیگ کے لیگل سیل کے سربراہ شاہ ریاض نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاہے کہ انتظامیہ مسرت عالم بٹ کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کیلئے بہانے تلاش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسرت عالم بٹ جو 2014 ء سے مسلسل غیر قانونی طورپر نظربند ہیں کوچند ہفتے قبل بارہمولہ سب جیل منتقل کیاگیاتھاجہاں سے انہیں منگل کو سرینگر کی ایک عدالت میں پیش کرنے کیلئے سمبل پولیس اسٹیشن منتقل کیاگیا۔

انہوں نے مسرت عالم بٹ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کیلئے انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا جارہا ہے ۔شاہ ریاض نے کہاکہ انتظامیہ مسرت عالم بٹ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے ۔

مزید : عالمی منظر